نئی دہلی :چندریان 3 کا چوتھی بار مدار بدھ کو تبدیل کیا گیا اور اب یہ چاند کے مدار کے پانچویں اور آخری مرحلے میں کامیابی کے ساتھ داخل ہو گیاہےاور چاند کی سطح کےمزید قریب آ گیاہے۔ اس کے ساتھ خلائی جہاز نے چاند سے متعلق اپنی تمام تدبیریں مکمل کر لی ہیں۔
اسرو نے ٹوئٹ کیا، آج کی کامیاب فائرنگ (جو تھوڑے وقت کے لیے ضروری تھی) نے چندریان-3 کو چاند کی 153 کلومیٹرxایک سو ترسٹھ کلومیٹر کے مدار میں قائم کردیا۔ اس کے ساتھ ہی قمری پیش قدمی کے تمام داخلی مراحل مکمل ہو گئے۔ اب پروپلشن اور لینڈر ماڈیولز (جن میں لینڈر اور روور شامل ہیں) کو الگ کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔ لینڈر اور پروپلشن ماڈیول جمعرات کو الگ ہو جائیں گے۔
14 جولائی کو سری ہری کوٹا سے روانہ ہونے کے بعد، چندریان-3 تین ہفتوں میں کئی مراحل سے گزرا۔ 5 اگست کو یہ پہلی بار چاند کے مدار میں داخل ہوا۔ اس کے بعد چندریان 3 6، 9 اور 14 اگست کو مختلف مراحل میں داخل ہوا۔ ان تین ہفتوں میں، اسرو نے چندریان-3 کو زمین سے بہت دور مدار میں رکھا۔اسرو ذرائع کے مطابق، الگ ہونے کے بعد لینڈر کو ڈی بوسٹ (سست کرنے کا عمل) کیا جائے گا، تا کہ اسے ایک مدار میں قائم کیا جاسکے جہاں سے پیریلیون (چاند سے قریب کا مقام) 30 کلو میٹر اور اپولیون (چاند سے سب سے دور کا مقام) 100 کلو میٹر دور ہے۔ 23 اگست کو چاند کے جنوبی آربٹ علاقے پر سافٹ لینڈنگ کی کوشش ہوگی۔