نئی دہلی : ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) نے پرنو جویلرس گولڈ پونجی اسکیم گھوٹالہ میں مشہور اداکار پرکاش راج کو پوچھ تاچھ کے لیے سمن بھیجا ہے۔ دراصل ای ڈی اسی گولڈ اسکیم گھوٹالہ میں پی ایم ایل اے کے تحت تفتیش کر رہی ہے۔ اس گولڈ پونجی اسکیم کے تحت تقریباً 100 کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کو انجام دیا گیا ہے۔ اداکار پرکاش راج پرنو جویلرس کے برانڈ ایمبسڈ تھے ایسے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ پرکاش راج سے پوچھ تاچھ کرنا بے حد ضروری ہے۔
ای ڈی ذرائع کے مطابق ٹاملناڈو میں واقع تریچی کے مشہور پرنو جویلرس کے یہاں پی ایم ایل اے کے تحت کل سرچ آپریشن کے دوران کئی ایسے کاغذات ملے تھے جس سے تقریباً 23 لاکھ 70 ہزار روپے کے مشتبہ لین دین جا انکشاف ہوا ہے۔ اتنا ہی نہیں، ای ڈی نے تلاشی کے دوران 11 کلو 60 گرام سونے کے زیورات کو بھی ضبط کیا تھا۔ اس کے بعد اداکار پرکاش راج کو اس معاملے میں پوچھ تاچھ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ 10 دنوں کے اندر انھیں ای ڈی کے سامنے حاضر ہونا ہوگا۔ ان سے چنائی میں پوچھ تاچھ کی جائے گی۔