راجستھان کی راجدھانی جئے پور میں دردناک سڑک حادثہ ہوا ہے۔ یہاں اتوار کی صبح کے منوہر پور-دوسرا قومی شاہراہ 148 پر نیک والا ٹول پلازہ کے پاس ایک کار اور ٹریلر میں آمنے سامنے کی زوردار ٹکر ہو گئی جس میں 5 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔اطلاع کے مطابق یہ حادثہ اتنا زبردست تھا کہ کار کے پرخچے اڑ گئے۔ مہلوکین میں ایک 12 مہینے کا معصوم بچہ، 2 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں۔ کنبہ کے سبھی اراکین کھاٹو شیام مندر درشن کے لیے جا رہے تھے لیکن راستے میں یہ المناک حادثہ پیش آ گیا۔
رائسر تھانہ افسر رگھوویر سنگھ نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر یہ سڑک حادثہ اتوار کی صبح تقریباً 8 بجے منوہر پور-دوسا کے درمیان پیش آیا۔ رگھوویر سنگھ کے مطابق یوپی کے لکھنؤ کا ایک کنبہ گھومنے کے لیے راجستھان آیا ہوا تھا۔ کنبہ کے پانچ لوگ صبح کار سے دوسا کی طرف کھاٹو شیام جک کی طرف جا رہے تھے۔ اسی دوران نیک والا ٹول کے پاس ان کی کار ٹریلر سے ٹکرائی اور یہ حادثہ ہو گیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو آپریشن کے دوران دو لوگ بُری طرح کار میں پھنسے ہوئے تھے جنہیں بہت مشقت کے بعد باہر نکالا جا سکا لیکن تب تک ان کی بھی جان جا چکی تھی۔ اس دردناک حادثے نے راہگیروں اور مقامی لوگوں کو جھنجھوڑ دیا اور موقع پر ماتم جیسا ماحول ہو گیا۔
اس حادثے کے بعد شاہراہ پر لمبا ٹریفک جام بھی لگ گیا۔ کئی کلومیٹر تک گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور لوگ گھنٹوں تک پھنسے رہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹریفک کو اپنے کنٹرول میں لیا اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوایا۔ فی الحال پولیس معاملے کی جانچ میں لگ گئی ہے۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق حادثے کی وجہ تیز رفتاری اور اوور ٹیک کی کوشش ہو سکتی ہے حالانکہ صحیح وجوہات کا پتہ جانچ کے بعد ہی لگ سکے گا۔