دہلی ایئرپورٹ پر گزشتہ دنوں ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے بچ گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دہلی کے اندرا گاندھی ایئرپورٹ پر انڈیگو طیارہ کا پچھلا حصہ گزشتہ اتوار کے روز اس وقت زمین سے ٹکرا گیا جب طیارہ کی لینڈنگ کرائی جا رہی تھی۔ اس واقعہ کی جانکاری سامنے آنے کے بعد شہری ہوابازی ڈائریکٹوریٹ یعنی ڈی جی سی اے نے جانچ کا حکم صادر کر دیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق طیارہ کولکاتا سے دہلی پہنچا تھا اور ایئرپورٹ پر لینڈ کر رہا تھا جب یہ واقعہ پیش آیا۔ غنیمت یہ رہی کہ کسی کو بھی نقصان نہیں پہنچا اور پھر یہ جاننے کی کوشش شروع ہو گئی کہ آخر ایسا ہوا کیوں۔ ڈی جی سی اے کا کہنا ہے کہ انڈیگو اے 321-252 این ایکس (نیو) طیارہ وی ٹی-آئی ایم جی کولکاتا سے دہلی کے لیے اڑا تھا اور لینڈنگ کے وقت پچھلا حصہ زمین سے ٹکرا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ طیارہ کے اترنے کے دوران پائلٹ ٹیم نے محسوس کیا کہ لینڈنگ کے دوران کچھ گڑبڑی ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈی جی سی اے کا کہنا ہے کہ لینڈنگ کے دوران طیارہ کے پیچھے کا نچلا حصہ رَنوے کی سطح کو چھو گیا اور اس کو نقصان بھی پہنچا۔
ڈی جی سی اے نے اس پورے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے جانچ پوری ہونے تک آپریشنل کرو کو آف-روسٹر کر دیا ہے، یعنی طیارہ اڑانے پر روک لگا دی گئی ہے۔ ڈی جی سی اے کے ایک سینئر افسر کا کہنا ہے کہ معاملے کی جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے اور طیارہ کو پرواز بھرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔ اس واقعہ کی انڈیگو نے بھی تصدیق کر دی ہے، لیکن یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ طیارہ میں کتنے مسافر سوار تھے۔