جموں،بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے قیام کے 60 سال مکمل ہونے کے موقع پر اتوار کو جموں میں ایک شاندار بی ایس ایف میراتھن کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل بی ایس ایف دلجیت سنگھ چودھری نے کیا۔ یہ پروگرام آپریشن سندور کے بعد فورس کی پہلی بڑی عوامی سرگرمی کے طور پر سامنے آیا، جس میں ہزاروں شہریوں، طلباء اور سیکیورٹی اہلکاروں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ بی ایس ایف جموں فرنٹیئر کی جانب سے منعقدہ اس میراتھن کا مقصد جسمانی فٹنس، منشیات سے پاک زندگی اور قومی یکجہتی کے پیغام کو فروغ دینا تھا۔ بی ایس ایف ترجمان کے مطابق، ملک بھر سے 6 ہزار سے زائد شرکاء نے مختلف کیٹیگریز میں اندراج کرایا جن میں 42 کلومیٹر، 21 کلومیٹر اور 10 کلومیٹر ریسز کے علاوہ 5 کلومیٹر فن رن بھی شامل تھی۔ حیرت انگیز طور پر اس ایونٹ میں کچھ غیر ملکی رنرز، بشمول کینیا سے آئے شرکاء نے بھی حصہ لیا۔ افتتاحی تقریب کے دوران، ڈی جی بی ایس ایف دلجیت سنگھ چودھری نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ میراتھن نہ صرف فٹنس کو فروغ دینے کے لیے ایک علامتی قدم ہے بلکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ‘فِٹ انڈیا’ مہم کو عملی شکل دینے کی جانب ایک بڑا اقدام بھی ہے ۔ انہوں نے کہا:’یہ پہلا موقع ہے کہ بی ایس ایف جموں میں میراتھن کا انعقاد کر رہی ہے ۔ فٹنس کو اپنا طرزِ زندگی بنانے سے قوم کی صحت بہتر ہوتی ہے اور منشیات سے پاک بھارت کا خواب حقیقت میں بدل سکتا ہے ۔’
ڈی جی نے مزید کہا کہ بی ایس ایف نے آپریشن سندور میں جو کردار ادا کیا، اس نے نہ صرف فورس کے حوصلے بلند کیے بلکہ عوام کے اعتماد میں بھی اضافہ کیا۔یہ میراتھن اس بات کی علامت ہے کہ بی ایس ایف صرف سرحدوں کی محافظ نہیں، بلکہ قوم کی سماجی اور اخلاقی طاقت کا بھی ایک حصہ ہے ۔ نوجوانوں کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ فورس پر اعتماد کرتے ہیں اور اس کے مشن سے جڑے رہنا چاہتے ہیں۔ بی ایس ایف کے ایک سینیئر افسر نے بتایا کہ یہ تقریب امن، اتحاد اور صحت مند طرزِ زندگی کے پیغام پر مبنی تھی۔ انہوں نے کہا کہ فورس مستقبل میں بھی ایسے پروگرام منعقد کرتی رہے گی تاکہ عوام کے ساتھ بی ایس ایف کا رشتہ مزید مضبوط ہو۔ شرکاء میں شامل ایک کینیائی رنر نے کہا:’میں پہلی بار جموں آیا ہوں۔ یہ ایک بہترین اقدام ہے ، موسم خوشگوار ہے ، لوگ مہمان نواز ہیں اور ماحول پرامن ہے ۔ بی ایس ایف نے ہمیں شرکت کا جو موقع دیا، وہ ایک یادگار تجربہ ہے ۔’ میاراتھن کے دوران، کئی شرکاء ہاتھوں میں قومی پرچم لیے نعرے لگاتے نظر آئے – ‘جے ہند’ اور ‘بی ایس ایف زندہ باد’ کی صدائیں فضا میں گونجتی رہیں۔آخر میں ڈی جی بی ایس ایف دلجیت سنگھ چوہدری نے تمام شرکاء، مقامی انتظامیہ اور جموں و کشمیر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ نے ایک مثبت اور صحت مند معاشرتی پیغام دیا ہے ۔


















