پٹنہ: بہار میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ندیوں، تالابوں اور دیگر آبی ذخائر میں ڈوبنے سے 22 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ ان میں سے سب سے زیادہ پانچ لوگوں کی موت بھوجپور ضلع میں ہوئی۔ ڈوبنے سے ہونے والی اموات پر غم کا اظہار کرتے ہوئے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ہلاک شدگان کے لواحقین کو چار چار لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔بھوجپور میںگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 اموات کے علاوہ جہان آباد ضلع میں 4، پٹنہ اور روہتاس اضلاع میں 3-3 اور دربھنگہ اور نوادہ میں 2-2 افراد ڈوبنے سے ہلاک ہوئے ہیں۔ مدھے پورہ، کیمور اور اورنگ آباد میں ایک ایک شخص کی ڈوبنے سے موت ہو گئی۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ڈوب کر ہلاک ہونے کے واقعات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مرنے والوں کے لواحقین کو بغیر کسی تاخیر کے چار چار لاکھ روپے کی ایکس گریشیا گرانٹ دینے کی ہدایت کی ہے۔