پٹنہ :آپ نے بہار کے ڈپٹی سی ایم تیجسوی یادو کو بیڈمنٹن کھیلتے ہوئے دیکھا ہوگا۔ تیجسوی یادو ہمیشہ سوشل میڈیا پر کرکٹ، بیڈمنٹن اور ورزش سے متعلق ویڈیوز شیئر کرتے رہتے ہیں۔ لیکن جمعہ کو انہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پیج پر آر جے ڈی سپریمو اوراپنے والد لالو یادو کا ویڈیو شیئر کیا۔ ویڈیو میں لالو یادو بیڈمنٹن کھیلتے نظر آ رہے ہیں۔
اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے لکھا – :ڈرنا نہیں سیکھا..جھکنا نہیں ہے..لڑا ہے..لڑیں گے. جیل سے نہیں ڈریں گے اور آخر میں جیتیں گے۔ اس سے قبل بھی کئی بار تیجسوی یادو اپنے سوشل اکاؤنٹ پر اپنی اسپورٹس ویڈیو شیئر کر چکے ہیں۔ جس میں وہ کبھی کرکٹ تو کبھی بیڈمنٹن کھیلتے نظر آرہے ہیں۔
واضح ہوکہ لالو پرساد یادو طویل عرصے سے بیمار چل رہے تھے۔ تاہم گزشتہ چند ماہ سے وہ بالکل فٹ دکھائی دے رہے ہیں۔ اپوزیشن اتحاد کا اجلاس ہو یا گرینڈ الائنس کا اجلاس۔ وہ سبمیں اپنے پرانے انداز میں نظر آئے۔ لالو یادو نے اپوزیشن اتحاد کی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ اب ہم پوری طرح سے فٹ ہوچکے ہیں اور اب نریندر مودی اور بی جے پی کو فٹ کر دیں گے۔
پٹنہ میں اپوزیشن پارٹیوں کی مشترکہ پریس کانفرنس میں سبھی لیڈروں نے اپنی اپنی بات رکھی لیکن ہمیشہ کی طرح لالو پرساد یادو نے محفل کو لوٹ لیا۔ دیسی اور مخصوص انداز میں بات کرنے والے 75 سالہ لالو اپنے پرانے انداز میں نظر آئے۔انہوں نے طویل عرصے کے بعد پریس کانفرنس کی اور بھنڈی کی قیمت سے لے کر راہل گاندھی کی داڑھی اور شادی تک ہر چیز پر بات کی۔ انہوں نے خود کہا کہ وہ کافی عرصے بعد پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔ اس دوران انہوں نے مودی اور بی جے پی کو اچھی طرح فٹ کرنے کی بات کی۔