ممبئی میں ادھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ ’ماتوشری‘ کے باہر شیوسینا (یو بی ٹی) کی جانب سے لگائے گئے ایک پوسٹر نے سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچا دی ہے۔ پوسٹر پر جلی حروف میں لکھا ہے، ’’باپ تو باپ ہوتا ہے‘‘ یہ پوسٹر شاکھا کے سربراہ سنیل جادھو کی طرف سے لگایا گیا ہے جس کو براہ راست سیاسی پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔اگرچہ ٹھاکرے کی شیو سینا حالیہ بلدیاتی انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی لیکن پارٹی کے 65 کونسلرمنتخب کئے گئے ہیں۔ اسی جیت کو بنیاد بناکر یہ پوسٹر لگایا گیا ہے۔ پوسٹر میں لکھا گیا ہے کہ خواہ نشان چلا گیا، پارٹی ٹوٹ گئی، ممبران اسمبلی،ممبران پارلیمنٹ اور کونسلر ٹوٹ گئے لیکن اس کے باوجود ’صفر‘ سے’شکھر‘ تک 65 کونسلر جیت کر آئے۔
پوسٹر کے پیغام میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ جیت مراٹھی لوگوں کے اعتماد کی وجہ سے حاصل ہوئی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ تمام سیاسی ہلچل اور تقسیم کے باوجود عوام نے ٹھاکرے کی شیوسینا پر اعتماد کا اظہار کیا۔ پارٹی کارکنوں کا کہنا ہے کہ یہی اعتماد ان کی اصل طاقت ہے اور آنے والے وقت میں بھی یہی بنیاد رہے گا۔
’’باپ تو باپ ہوتا ہے‘‘ محض نعرہ نہیں بلکہ مخالفین پر طنز بھی ہے۔ یہ پیغام واضح طور پر یہ بتانے کی کوشش کرتا ہے کہ اصلی شیوسینا کی شناخت اور جڑیں ابھی بھی شیوسینا (ادھو ٹھاکرے) کے ساتھ ہیں خواہ حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ رہے ہوں۔ پوسٹر نے حامیوں میں جوش و خروش پیدا کردیا ہے، وہیں اپوزیشن جماعتوں میں بھی بحث تیز ہو گئی ہے۔
















