راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما اور بہار میں مہاگٹھ بندھن کے وزیر اعلیٰ امیدوار تیجسوی یادو کا آج (9 نومبر) کویوم پیدائش ہے۔ ان کے حامیوں سمیت تمام لیڈر انہیں مبارکباد دے رہے ہیں لیکن اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اورسماجوادی پارٹی ( ایس پی) کے قومی صدر اکھلیش یادو نے مبارکباد دیتے ہوئے انہیں بہار کے اگلے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے کے لیے نیک خواہشات پیش کی ہیں، جس کے بعد بہار کی سیاست میں نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔
اکھلیش یادو نے آج صبح اپنے سوشل میڈیا ہینڈل’ ایکس‘ پر تیجسوی یادو کو مبارکباد دیتے ہوئے یہ بات لکھی ہے۔ اس پوسٹ کے ساتھ اکھلیش یادو نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے صاف کیا کہ اپوزیشن اتحاد متحد ہے۔ ایس پی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے’ ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بہار کے مقبول’نوکری کے نائک‘ نوجوان لیڈر تیجسوی یادو کو سالگرہ کی دلی مبارکباد اور بہار کے اگلے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے کے لیے نیک خواہشات!













