مکامہ:بہار اسمبلی انتخابات کی تشہیر کے دوران راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما اور مہاگٹھ بندھن کی جانب سے وزیراعلیٰ کے امیدوار تیجسوی یادو نے اتوار کو مکامہ میں ایک عظیم الشان انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ ان کی لڑائی غریبی، بے روزگاری، مہنگائی، بدعنوانی، پلاین (نقل مکانی) اور مجرموں کے خلاف ہے۔ انہوں نے مکامہ کی عوام سے آر جے ڈی امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ مکامہ میں جمع عوام کا جوش اور جذبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اب بہار میں تبدیلی طے ہے۔ انہوں نے کہا، ’’این ڈی اے کو 20 برس ملے، مگر وہ بہار کی تقدیر نہیں بدل سکے۔ جو وہ 20 برس میں نہ کر سکے، ہم 20 مہینے میں کر دکھائیں گے۔‘‘
آر جے ڈی رہنما نے اپنی سابقہ حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے 17 مہینے میں پانچ لاکھ نوکریاں دیں۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار پوچھتے تھے کہ پیسہ کہاں سے آئے گا، نوکریاں کہاں سے دوں گا؟ ہم نے کر کے دکھایا۔ میری عمر کم ہو سکتی ہے مگر میری زبان پکی ہے۔‘‘ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ انہیں صرف 20 مہینے کا موقع دیا جائے تاکہ بہار کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔تیجسوی یادو نے کہا کہ ان کی حکومت میں ہر گھر کو روزگار ملے گا، تعلیم کا معیار بلند ہوگا اور کسانوں کی آمدنی دوگنی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہار کو ایسا صوبہ بنانا چاہتے ہیں جہاں کسی کو باہر روزگار کی تلاش میں نہ جانا پڑے۔













