پٹنہ: بہار میں آر جے ڈی (راشٹریہ جنتا دل) کے صدر لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے اور سابق وزیر تیج پرتاپ یادو نے اپنی نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا اعلان کر دیا، جس کا نام انہوں نے ’جن شکتی جنتا دل‘ رکھا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ انہیں الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نشان ’بلیک بورڈ‘ الاٹ کیا گیا ہے۔
تیج پرتاپ نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پارٹی کا پوسٹر جاری کیا۔ اس پوسٹر میں انہوں نے خود کو ’قومی صدر‘ کے طور پر پیش کیا ہے جبکہ انتخابی نشان کے طور پر ’بلیک بورڈ‘ کو نمایاں کیا گیا۔تیج پرتاپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی پارٹی بہار کے ہمہ جہت ترقی کے لیے پوری طرح وقف ہے اور وہ ریاست میں ایک نئی سیاسی و سماجی تبدیلی کے لیے جدوجہد کریں گے۔ ان کے مطابق، ’’ہمارا مقصد بہار میں مکمل بدلاؤ لا کر نئی طرز حکمرانی قائم کرنا ہے۔ ہم ریاست کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے طویل جدوجہد کے لیے تیار ہیں۔‘‘
دریں اثنا، الیکشن کمیشن کے ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں اس نام کی کسی پارٹی کی رجسٹریشن یا اس کے لیے انتخابی نشان الاٹ کیے جانے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ کمیشن کے مطابق اب تک اس نام سے کسی سیاسی جماعت کو باضابطہ منظوری نہیں دی گئی ہے۔ اس تضاد کے باعث سیاسی حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے کہ آیا واقعی تیج پرتاپ کی نئی پارٹی کو قانونی منظوری ملی ہے یا یہ صرف ابتدائی اعلان ہے۔