ہماچل پردیش میں آسمان سے آفت آئی ہوئی ہے۔ منگل کو 11 مقامات پر بادل پھٹنے کے واقعات پیش آئے۔ اس سے 20 مکانوں اور 15 مویشی گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ ریاست میں بارش کے بعد 406 سڑکیں بند ہیں جس سے آمد و رفت پوری طرح سے درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے۔ اس کے علاوہ ریاست میں 1515 ٹرانسفر خراب ہو گئے جبکہ 171 پینے کے پانی کے منصوبوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ہماچل پردیش میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش منڈی ضلع کے سندھول میں 223.6 ملی لیٹر ہوئی۔ ریاست میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں میں ایک سے دو ڈگری کی گراوٹ آئی ہے۔ کانگڑا میں منگل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 11 ڈگری نیچے درج کیا گیا۔ ریاست میں سب سے زیادہ درجہ حرارت دھولا کنواں میں 31.5 جبکہ اونا میں 31.4 ڈگری درج کیا گیا۔
منڈی میں کل بادل پھٹنے سے جان و مال کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ گوہر، کرسوگ، تھوناگ و دھرم پور سب ڈویژن میں 7 مقامات پر بادل پھٹنے سے مکان زمیں دوز ہونے اور سیلاب کے پانی میں بہنے سے 10 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 30 لوگ لاپتہ ہیں۔ گوہر سب ڈویژن میں 5، سراج میں 4 و کرسوگ میں ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔