آئی پی ایس دیوین بھارتی ممبئی کے نئے پولیس کمشنر بنائے گئے ہیں۔ 56 سالہ دیوین بھارتی 1994 بیچ کے آئی پی ایس افسر ہیں۔ ان کا نام کئی بڑے معاملوں کی جانچ سے جڑ چکا ہے۔ ان میں 26/11 ممبئی دہشت گردانہ حملہ بھی شامل ہے۔ بھارتی وویک پھنسالکر کی جگہ لیں گے جو 35 سال کی خدمات کے بعد آج سبکدوش ہو رہے ہیں۔دیویندر بھارتی آج شام ممبئی کے پولیس کمشنر کا عہدہ سنبھال لیں گے۔ ریاست کے محکمہ داخلہ نے بھارتی کی تقرری کی تصدیق کر دی ہے۔ حالانکہ ایک افسر نے بتایا کہ اس عہدے کو اب ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) کے رینک کا کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی کو گزشتہ سال ممبئی کا اسپیشل پولیس کمشنر بھی مقرر کیا گیا تھا۔ ممبئی پولیس کے کمشنر بنائے جانے سے پہلے دیوین بھارتی ممبئی کے جوائنٹ پولیس کمشنر (لاء اینڈ آرڈر) کے عہدے پر سب سے طویل عرصے تک رہنے والے افسر بھی تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی پی ایس افسر دیوین بھارتی کو موجودہ دیوندر فڑنویس حکومت کا بے حد خاص مانا جاتا ہے۔ اس سے پہلے 2014 سے 2019 کے درمیان فڑنویس حکومت کی مدت کار میں وہ کئی اہم عہدے پر تعینات رہ چکے ہیں۔ بھارتی گڑھ چرولی میں ایس پی کے طور پر بھی تعینات تھے اور بعد میں انہوں نے امراوتی اور اکولہ سمیت مہاراشٹر کے کئی ضلعوں میں بطور ایس پی اپنی خدمات دیں۔
دیوین بھارتی 1998 سے 2003 کے درمیان خفیہ محکمہ میں بھی اپنی خدمات دے چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے 29 سالہ کیریئر میں زیادہ تر ممبئی شہر کو اپنی خدمات دی ہیں۔ 2019 میں لوک سبھا انتخاب کے دوران انہیں کچھ مہینوں کے لیے جوائنٹ کمشنر جرائم شاخ میں ٹرانسفر کر دیا گیا تھا اور بعد میں انہیں مہاراشٹر پولیس کے اے ٹی ایس سربراہ کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔
بہار کے دربھنگہ سے تعلق رکھنے والے دیوین بھارتی نے دہلی اسکول آف اکنامکس سے گریجویشن کی پڑھائی کی ہے۔ اپنے تقریباً تین دہائی کے کیریئر میں انہوں نے ممبئی پولیس میں کئی اہم عہدوں پر کام کیا ہے۔ ڈی سی پی (زون7)، ڈی سی پی (کرائم برانچ)، ایڈیشنل پولیس کمشنر (کرائم برانچ) اور جوائنٹ پولیس کمشنر (لاء اینڈ آرڈر) رہے۔ دیوین بھارتی کو ان کی خدمات کے لیے سال 2023 میں صدر جمہوریہ کے پولیس تمغہ سے نوازا گیا تھا۔