نئی دہلی :یو جی سی کی نئی گائیڈلائن میں سبھی یونیورسٹیوں اور ملحقہ کالجوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صحت بخش غذا ہی بچوں کو دستیاب کرائیں۔ سموسا اور نوڈلس وغیرہ صحت بخش غذا میں شامل نہیں ہیں،اس لئے اب بچے ان اشیاء کا لطف نہیں اٹھا سکیں گے کیونکہ یہ اشیاء کالج و یونیورسٹی کینٹین کے مینیو سے خارج ہو جائیں گی۔یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے ملک بھر کی یونیورسٹیوں اور ملحقہ کالجوں کے نام 15 جولائی کو جاری کردہ گائیڈلائن میں صاف طور پر کہا ہے کہ اب کالج کینٹین کے ذریعہ سے صرف صحت بخش غذائیں دستیاب کرائی جائیں گی۔ گائیڈلائن میں لکھا گیا ہے کہ ’’جیسا کہ آپ جانتے ہیں، نیشنل ایڈووکیسی اِن پبلک انٹریسٹ (این اے پی آئی) تغذیہ پر ایک قومی تھنک ٹینک ہے جس میں وبا سائنس، انسانی تغذیہ، کمیونٹی تغذیہ و علاجِ اطفال، طبی تعلیم، انتظامیہ، سماجی امور و مینجمنٹ میں خود مختار ماہر شامل ہیں۔ بڑھتے موٹاپے، ذیابیطس اور دیگر غیر متعدی امراض (این سی ڈی) پر فکر، جنرل این سی ڈی (2022-2017) کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے قومی کثیر شعبہ ورک پلان (این ایم اے پی) کی فوری عمل آوری کے لیے این اے پی نے تعلیمی اداروں میں غیر صحت بخش کھانے کی فروخت پر روک لگانے اور کینٹین میں صحت بخش کھانے کے متبادل کو فروغ دینے کی گزارش کی ہے۔