نئی دہلی : عام آدمی پارٹی کے لوک سبھا اور راجیہ سبھا ممبران پارلیمنٹ نے جمعرات (27 جون) کو پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف مظاہرہ کیا۔ احتجاج کرنے والے ان ارکان پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری غلط ہے۔ ای ڈی و سی بی آئی کی کارروائی کے خلاف ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ان ارکان پارلیمنٹ نے ’آمریت نہیں چلے گی‘، ’کیجریوال کو رہا کرو‘ جیسے نعرے لگائے۔
عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سندیپ پاٹھک نے کہا کہ وہ سی بی آئی کے ذریعے اروند کیجریوال کی گرفتاری کے معاملے پر راجیہ سبھا میں بھی احتجاج کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ صدر کے خطاب کا بائیکاٹ کریں گے۔ عام آدمی پارٹی کو اس معاملے پر شیوسینا-یو بی ٹی کی حمایت بھی حاصل ہے۔ شیو سینا-یو بی ٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے کہا کہ اروند کیجریوال کو ضمانت ملنے کے بعد بھی سی بی آئی نے گرفتار کیا، یہ ایمرجنسی سے زیادہ آمریت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر پارلیمنٹ میں سوالات پوچھے جائیں گے۔