اندور:مدھیہ پردیش کے اندور میں دیر رات ایک خوفناک سڑک حادثے میں آٹھ افراد کی موت ہو گئی۔ حادثہ اندور-احمد آباد قومی شاہراہ پر پیش آیا۔ شائع خبروں کے مطابق بیتمہ کے قریب رتلام پاسنگ پر کار روڈ پر کھڑے ڈمپر سے ٹکرا گئی۔ ڈمپر ریت سے بھرا ہوا تھا۔ اس حادثہ میں ایک معمر شخص زخمی ہوا ہے جس کا علاج چل رہا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔معلومات کے مطابق تمام لوگ کار میں بنک ٹانڈہ سے گنا جا رہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ واقعے کے بعد گاڑی جس سے ٹکرائی اس کا ڈرائیور فرار ہوگیا۔ فی الحال پولیس کے اعلیٰ افسران اور دیگر لوگ موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ متوفی کملیش کے پاس سے ایک پولیس کارڈ بھی ملا ہے جس میں وہ شیو پوری میں تعینات ہے۔ فی الحال پولس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے اور نامعلوم گاڑی کی تلاش کر رہی ہے۔
خبر کے مطابق حادثے میں 8 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے جب کہ ایک شخص شدید زخمی ہے۔ زخمی شخص کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس کے مطابق حادثے میں ملوث دوسری نامعلوم گاڑی اور اس کے ڈرائیور کو تلاش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس کے لیے مقامی لوگوں سے پوچھ گچھ کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی مدد لی جا رہی ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے شخص کے بیان کے بعد ہی یہ واضح ہوسکے گا کہ یہ حادثہ کیسے پیش آیا۔