تمل ناڈو کے کڈالور واقع می پٹم پکم میں پیر کی صبح دو بسوں کی آمنے سامنے کی ٹکر ہو گئی جس میں 7 لوگوں کی موت ہو گئی اور 40 دیگر زخمی ہو گئے۔ حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ اور پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ سینئر پولیس افسران اور ریونیو افسران بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ واقعہ کے بعد مقامی لوگوں نے زخمیوں کی فوری طور پر مدد کی۔ انھوں نے پولیس کو اطلاع بھی دی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ شروعاتی جانچ میں ایک بس میں آگے کا ٹائر پھٹنے کی جانکاری سامنے آئی ہے۔ غالباً ٹائر پھٹنے کی وجہ سے ڈرائیور نے اپنا کنٹرول گنوا دیا اور سامنے سے آ رہی دوسری بس سے ٹکرا گئی۔