جے پور :راجستھان میں 199اسمبلی سیٹوں کے لئے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے ساتھ 1862 امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں قیدہو گئی ،اطلاعات کے مطابق اس انتخاب میں 68.24فیصد افراد نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اس انتخاب میں اصل مقابلہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہے۔ دونوں ہی پارٹیوں کے امیدواروں نے اپنی اپنی پارٹی کی جیت کی امید ظاہر کی ہے۔ افسران کے مطابق تشدد کے چھوٹے موٹے واقعات کو چھوڑ کر حق رائے دہی کا عمل پُرامن رہا۔
وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے جودھپور میں آج ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے خلاف کوئی اقتدار مخالف لہر نہیں ہے اور پارٹی ریاست میں پھر سے حکومت بنائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ایسا لگتا ہے کہ کوئی ’اَنڈرکرنٹ‘ ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ (کانگریس) حکومت دوبارہ بنے گی۔‘‘ دوسری طرف سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے نے جھالواڑ میں صحافیوں سے بات چیت میں گہلوت کے ’انڈرکرنٹ‘ والے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں ان سے متفق ہوں۔ واقعی یہ ایک انڈرکرنٹ ہے، لیکن یہ بی جے پی کے حق میں ہے۔ 3 دسمبر کو کمل (بی جے پی کا انتخابی نشان) کھلے گا۔