بہار میں 121 اسمبلی سیٹوں کے لیے پہلے مرحلے کی پولنگ آج شام ختم ہو گئی۔ الیکشن کمیشن نے میڈیا کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں فوری طور پر جو اطلاع ملی ہے، اس کے مطابق تقریباً 64.46 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے پہلے مرحلے میں پُرامن ووٹنگ کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی کارکنوں نے اس کے ایک کارکن پر چاقو سے حملہ کیا۔ پارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر تحریر کیا، ’’ہار کی ہتاشا میں بھاجپائیوں کی غنڈہ گردی شروع! مریچا چوک، سرائے میں آر جے ڈی کارکن پر بی جے پی کے غنڈوں اور اس کے بھائی نے چاقو سے حملہ کیا۔‘‘ پارٹی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ ’’ان مجرموں کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے تاکہ کمیشن اپنی غیر جانب داری ثابت کر سکے۔‘‘
آر جے ڈی نے ایک اور پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ محی الدین نگر اسمبلی حلقہ کے بوتھ نمبر 106، 107 اور 108 پر پولیس اہلکار مختلف گھروں میں گھس کر ووٹروں کو بلا جواز مار پیٹ اور دھمکیاں دے رہے ہیں۔ پارٹی نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں صاف شفاف انتخابات کے اصولوں کے منافی ہیں اور ووٹروں میں خوف پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
آر جے ڈی نے الیکشن کمیشن اور بہار کے چیف الیکٹورل آفیسر سے مطالبہ کیا کہ ان واقعات کی غیر جانبدارانہ جانچ کی جائے اور انتخابی عمل میں مداخلت کرنے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ پارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈر کے ماحول میں بھی اپنے ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں۔













