چنئی :تمل ناڈو میں زیر تعمیر عمارت منہدم ہونے سے 6 خاتون مزدوروں کی موت ہو گئی ہے۔یہ واقعہ تمل ناڈو میں اوٹی کے پاس لوڈیل میں آج اس وقت پیش آیا جب تما م خواتین گھر کی تعمیر کے کام میں مصروف تھیں ۔ ہلاک شدگان کی شناخت شکیلہ، سنگیتا، بھاگیہ، اوما، متھولکشمی اور رادھا کی شکل میں ہوئی ہے۔ ہلاک ہونے والی سبھی خاتون مزدوروں کی عمر 30 سال سے زیادہ تھی۔
اس حادثہ کی جانکاری دیتے ہوئے اوٹی پولیس نے بتایا کہ ریسکیو مہم جاری ہے اور سنگین طور پر زخمی دو مزدوروں کو اوٹی جنرل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایک مزدور کے اب بھی ملبہ میں پھنسے ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں اور وہ بھی سنگین طور پر زخمی ہے۔ اس درمیان اوٹی جنرل اسپتال کی ڈین پدمنی نے 6 خواتین کی موت سے متعلق تصدیق کر دی ہے۔