مسافروں کو بڑی راحت دیتے ہوئے ایئرانڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے ٹکٹ بدلنے اور کینسل کرنے پر خصوصی رعایت کا اعلان کیا ہے۔ جن مسافروں نے 4 دسمبر2025 تک ٹکٹ بک کیا ہے اور 15 دسمبر2025 تک سفرمقرر ہے، وہ بغیر کسی فیس کے اپنا سفر تبدیل کر سکتے ہیں۔ وہیں ٹکٹ کینسل کرنے پر بھی کوئی فیس نہیں لی جائے گی اور پورا ریفنڈ دیا جائے گا۔
یہ رعایت 8 دسمبر2025 تک ایک بار کے لیےلاگو ہوگی حالانکہ اگر مسافر نئی تاریخ کے لیے اپنے ٹکٹ تبدیل کرتے ہیں اور نئے کرایہ میں فرق ہے تو صرف کرایہ فرق دینا ہوگا۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ تبدیلی کے لیے دونوں کیریئرز کے پورے ہفتے 24 گھنٹے رابطہ سینٹر اور ٹریول ایجنٹس سے مدد لیں۔ ایئر انڈیا ایکسپریس کے صارفین اپنی ویب سائٹس، موبائل ایپس اور فیس بک میسنجر کے ذریعے بھی تبدیلی کر سکتے ہیں،وہیں لگاتار بڑھتی کالوں اورطویل انتظار اوقات کو دیکھتے ہوئے دونوں ایئرلائنس نے 7X24 رابطہ سینٹروں میں اضافی اسٹاف تعینات کیا ہے۔
اس سلسلے میں ایئر لائنز نے کہا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ مسافروں کو ایڈجسٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اگر فلائٹ میں سیٹیں خالی ہیں تو اکانومی کلاس کے مسافروں کو بغیر کسی فیس کے اپر کلاس میں جگہ دی جا سکتی ہے۔ بھیڑ کو کم کرنے کے لیے کچھ روٹس پر اضافی پروازیں بھی چلائی جا رہی ہیں۔


















