مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ کے ایک مشہور تھیم پارک میں میونسپل اسکول کے ایک 14 سالہ طالب علم کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی۔ وہ دوسرے طلباء کے ساتھ سیر کے لیے گیا ہوا تھا۔نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ منگل کو اس وقت پیش آیا جب گھنسولی میں نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے زیر انتظام اسکول کے طلباء کھوپولی کے امیجیکا تھیم پارک کے تعلیمی دورے پر تھے۔
خبر کے مطابق سفر کے دوران آٹھویں کلاس کے طالب علم آیوش دھرمیندر سنگھ کو بے چینی محسوس ہونے لگی اور وہ بینچ پر بیٹھ گیا اور پھر اچانک زمین پر گر گیا۔ اہلکار نے بتایا کہ طالب علم کو پارک کے عملے اور اساتذہ کی مدد سے پارک کے اندر واقع بنیادی طبی مرکز لے جایا گیا۔ اس کے بعد اسے نجی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اہلکار نے بتایا کہ سرکاری میڈیکل آفیسر کی موجودگی میں پوسٹ مارٹم کیا گیا جس سے معلوم ہوا کہ لڑکے کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔ کھالاپور پولیس اسٹیشن میں اچانک موت کا معاملہ درج کیا گیا ۔