ہردا: مدھیہ پردیش کے ہردا ضلع میں ایک پٹاخہ فیکٹری میں متعدد دھماکوں کے ساتھ زبردست آگ لگ گئی۔ یہ دھماکے اس قدر شدید تھے کہ آس پاس کی عمارتیں لرز گئیں۔ کچھ عمارتوں کے منہدم ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ آگ نے قریبی گھروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس حادثے میں اب تک 11 افراد کے موت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ 60 سے زائد زخمی ہیں، جن میں سےکچھ کی حالت نہایت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ پٹاخہ کی یہ فیکٹری ہردا میں مگردا روڈ پر بیرا گڑھ رِہٹا نامی جگہ پر واقع ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہردہ کے بیرا گڑھ علاقے میں مگردھا روڈ کے قریب ایک رہائشی بستی ہے اور یہیں پر یہ پٹاخہ فیکٹری واقع ہے۔ یہ دھماکے اس قدر شدید تھے کہ ان کی آواز دور تک سنائی دی جبکہ آگ کے دھویں سے پورا منظر سیاہ ہوگیا تھا۔ یہ آگ اس قدر بھیانک تھی اس سے اطراف کے بھی کئی مکانات متاثر ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ پٹاخہ فیکٹری یہاں پر غیر قانونی طور پر چل رہی تھی۔