اتر پردیش بورڈ آف سکینڈری ایجوکیشن (یو پی ایم ایس پی) نے سال 2025 کے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ جمعہ کی دوپہر 12:30 بجے پریس کانفرنس میں یوپی بورڈ کے سیکریٹری بھگوتی سنگھ اور ڈائریکٹر ڈاکٹر مہندر دیو نے نتائج جاری کیے۔ اس موقع پر ٹاپر طلبہ کے نام، کامیابی کی شرح، لڑکوں اور لڑکیوں کی کارکردگی اور ضلع وائز اعداد و شمار بھی پیش کیے گئے۔
دسویں جماعت میں جالون کے یش پرتاپ سنگھ نے 97.83 فیصد نمبرات کے ساتھ ٹاپ کیا ہے، جب کہ بارہویں میں پریاگ راج کی مہک جیسوال نے 97.20 فیصد نمبرات حاصل کر کے پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ یش کے بعد انشی اور ابھیشیک یادو نے 97.67 فیصد، جب کہ ریتو گرگ، ارپت ورما اور سمرن گپتا نے 97.50 فیصد نمبرات کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کیا۔
اس سال یوپی بورڈ کی دسویں جماعت میں 25,45,815 طلبہ نے امتحان دیا، جن میں سے 22,94,122 طلبہ کامیاب قرار پائے۔ کامیابی کی مجموعی شرح 90.11 فیصد رہی۔ لڑکوں کی تعداد 13,27,024 رہی جن میں سے 11,49,884 پاس ہوئے (88.66 فیصد)، جب کہ 12,18,791 لڑکیوں میں سے 11,44,138 نے کامیابی حاصل کی (93.87 فیصد)۔ اس طرح لڑکیوں کا کامیابی کا تناسب لڑکوں سے 7.21 فیصد زیادہ رہا۔
بارہویں جماعت میں 25,98,560 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی، جن میں سے 21,08,774 نے کامیابی حاصل کی۔ مجموعی کامیابی کی شرح 81.15 فیصد رہی۔ لڑکوں کی تعداد 13,87,263 رہی جن میں سے 10,62,616 پاس ہوئے (76.60 فیصد)، جب کہ لڑکیوں کی تعداد 12,11,297 رہی جن میں سے 10,46,158 کامیاب ہوئیں (86.37 فیصد)۔ اس طرح بارہویں میں بھی لڑکیاں 9.77 فیصد زیادہ کامیاب رہیں۔
یوپی بورڈ کے تحت اس سال امتحانات 24 فروری سے 12 مارچ کے درمیان منعقد ہوئے تھے، جن میں 54 لاکھ سے زیادہ طلبہ نے شرکت کی۔ امتحانات کے بعد 19 مارچ سے 2 اپریل تک 261 مراکز پر کاپیوں کی جانچ کی گئی۔ اس دوران نقل روکنے اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے سخت انتظامات کیے گئے، جن میں سی سی ٹی وی نگرانی اور ایس ٹی ایف کی تعیناتی بھی شامل تھی۔طلبہ سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ایڈمٹ کارڈ تیار رکھیں اور صرف یوپی بورڈ کی آفیشل ویب سائٹس upmsp.edu.in upresults.nic.in پر جا کر نتائج دیکھیں۔