مرزا پور:اتر پردیش کے ضلع مرزا پور کے چنار ریلوے اسٹیشن پر بدھ کی صبح ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جب 6 افراد تیز رفتار ٹرین کی زد میں آ کر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ یہ تمام افراد گنگا اسنان کے بعد اپنے گھروں کو واپس لوٹ رہے تھے۔ حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور ریلوے ٹریک پر لاشوں کے ٹکڑے بکھر گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کچھ مسافر ایک ٹرین سے اتر کر دوسرے پلیٹ فارم پر جانے کے لیے ریلوے ٹریک عبور کر رہے تھے۔ اسی دوران تیز رفتار کالکا میل ٹرین وہاں سے گزری اور کئی یاتری اس کی زد میں آ گئے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ لاشوں کے چیتھڑے اڑ گئے اور پلیٹ فارم پر موجود لوگ خوفزدہ ہو کر چیخنے لگے۔
ریلوے پولیس (جی آر پی) کے انسپکٹر راگھویندر سنگھ نے بتایا کہ تمام مسافر پریاگ راج-برواڈیہ پسنجر ٹرین سے پلیٹ فارم نمبر چار پر اترے تھے اور انہیں وارانسی جانے والی دوسری ٹرین پکڑنی تھی۔ وہ جلدی میں پٹری پار کر کے دوسرے پلیٹ فارم پر جانے کی کوشش کر رہے تھے، اسی دوران مخالف سمت سے تیز رفتار ٹرین آ گئی۔ کچھ یاتری پیچھے ہٹنے کی کوشش کرتے ہی تھے کہ ٹرین نے انہیں اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
حادثے کے فوراً بعد ریلوے پولیس (آر پی ایف) اور جی آر پی کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ پلیٹ فارم اور پٹریوں پر بکھری لاشوں کے ٹکڑوں کو بڑی مشکل سے جمع کیا گیا۔ اس واقعے کے بعد اسٹیشن پر کچھ وقت کے لیے ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر رہی۔


















