پٹنہ: مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے اور اس کی وجہ سے ٹماٹر کھانے کی پلیٹ سے غائب ہو چکا ہے۔ ایسے میں عوام کو راحت دینے کے لیے حکومت کئی شہروں میں سستے داموں ٹماٹر فروخت کر رہی ہے۔ این سی سی ایف اور این اے ایف ای ڈی جیسی سرکاری ایجنسیاں بہت سے شہروں میں ٹماٹر خوردہ کے مقابلے بہت کم قیمت پر فروخت کر رہی ہیں۔ آج یعنی اتوار 20 اگست کو حکومت نے ٹماٹر کی قیمت میں کمی کرتے ہوئے اسے 40 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ ہندوستان کے کئی شہروں میں گزشتہ دو تین ماہ کے اندر ٹماٹر کی قیمت 200 سے 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی تھی۔ ایسے میں عام لوگوں کو راحت دینے کے لیے حکومت نے جولائی سے ہی نفیڈ اور این سی سی ایف کی مدد سے کئی شہروں میں سستے داموں ٹماٹر فروخت کرنا شروع کر دیے تھے۔ لائیو منٹ کی خبر کے مطابق اب تک یہ دونوں ایجنسیاں ملک بھر میں 15 لاکھ کلو سے زائد ٹماٹر فروخت کر چکی ہیں۔ یہ ایجنسیاں دہلی این سی آر، راجستھان کے جے پور، کوٹا، اتر پردیش کے لکھنؤ، کانپور، پریاگ راج، بہار کے پٹنہ اور مظفر پور، آرہ اور بکسر میں کم قیمتوں پر ٹماٹر فروخت کر رہی ہیں۔ حکومت مہاراشٹر، آندھرا پردیش اور کرناٹک کی منڈیوں سے بڑی تعداد میں ان ٹماٹروں کی خریداری کر رہی ہے۔
اس سے قبل 13 اگست 2023 کو این سی سی ایف نے بتایا تھا کہ اس نے دہلی میں دو دن کے اندر 71500 کلو سے زیادہ ٹماٹر فروخت کیے ہیں۔ اس میں سے 12 اگست کو 35 ہزار کلو اور 13 اگست کو 36 ہزار 500 کلو ٹماٹر فروخت کئے گئے۔ گزشتہ ہفتے حکومت نے عوام کو ٹماٹر 70 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب کرائے تھے۔
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے پارلیمنٹ میں ٹماٹر کی قیمت پر حکومت کے اقدامات کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ملک میں غذائی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے حکومت نیپال سے بڑی تعداد میں ٹماٹر درآمد کر رہی ہے۔ حکومت کے اس فیصلے کے بعد نیپال سے ٹماٹروں کی کھیپ وارانسی، کانپور اور دہلی پہنچ گئی ہے۔ غور طلب ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 1400 فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ٹماٹر کی قیمتوں میں زبردست اضافے کے بعد سب وے، میکڈونلڈز اور برگر کنگ ریستورانوں نے اپنے ہندوستانی آؤٹ لیٹس میں ٹماٹروں کے استعمال پر روک لگا دی ہے۔