لکھنئو :رنگوں کے تہوار ہولی کے پیش نطراترپردیش کے تمام اضلاع میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیںتاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہو۔ رمضان المبارک کے درمیان آنے والے ہولی تہوار کے دوران امن برقراررکھنے کے لئےلکھنؤ، کانپور، میرٹھ، علی گڑھ ، مفظر نگر سمیت تمام اضلاع میںمحکمہ پولیس کے افسران الرٹ ہیں ۔
ریاست میں پولیس افسران اور اہلکاروں کی 22 سے 27 مارچ تک کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ چھٹی پر جانے والے پولیس اہلکاروں کو فوری واپس بلایا جائے۔ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈی جی پی نے کہا کہ ہر اطلاع اور واقعہ کو انتہائی سنجیدگی کے ساتھ لیا جانا چاہئے اور فوری کارروائی کی جانی چاہئے۔ تمام اضلاع میں مذہبی رہنمائوں، پروگرام/جلوس کے منتظمین، امن کمیٹیوں اور اشرافیہ کے ساتھ مل کر سیکورٹی کے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ ماضی میں ہولی کے موقع پر ہونے والے تنازعات کے پیش نظر حساس مقامات کو نشان زد کیا جانا چاہئے اور وہاں اضافی چوکسی برتی جانی چاہئے۔ جلوس کے راستوں پر چھتوں پر سیکورٹی اہلکار بھی ڈیوٹی پر انجام دیں گے۔