گوپال گنج: بہار کے گوپال گنج ضلع میں درگا پوجا کی تقریبات ماتم میں بدل گئیں۔ ضلع میں درگا پوجا پنڈال میں بھگدڑ مچنے سے تین افراد کی موت ہو گئی ہے۔ یہ بھگدڑ راجہ دل پوجا پنڈال میں ہوئی۔ حادثے میں دو خواتین اور ایک بچے کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے۔ بھگدڑ میں ایک درجن کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لیے صدر اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے۔ضلع کے تمام اعلیٰ افسران فوراً موقع پر پہنچ گئے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق یہ حادثہ نگر تھانہ علاقہ کے ریلوے اسٹیشن روڈ پر واقع راجہ دل پوجا پنڈال کے قریب پیش آیا۔ جہاں اچانک بھگدڑ مچ گئی۔ بھگدڑ میں دب کر دو خواتین اور ایک بچہ ہلاک اور تقریباً ایک درجن افراد شدید زخمی ہیں۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع کے تمام اعلیٰ حکام فوری طور پر موقع پر پہنچ گئےہیں اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ڈی ایم ڈاکٹر نوال کشور چودھری اور پولیس سپرنٹنڈنٹ بھی موقع پر موجود ہیں۔ تینوں ہلاک شدگان کی لاشیں صدر اسپتال لائی گئی ہیںاور ان کی شناخت کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔اس واقعہ کے بعدعلاقےمیں افراتفری کا ماحول ہے۔