پٹنہ: نیپال کے ترائی سمیت بہار کے کئی علاقوں میں بارش کی وجہ سے ریاست کی بڑی ندیوں کے پانی کی سطح بڑھ رہی ہے۔ کئی دریا خطرے کے نشان کے قریب بہہ رہے ہیں۔ ندییوں میں طغیانی کے باعث کئی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
محکمہ آبی وسائل کی طرف سے قائم فلڈ کنٹرول روم کے مطابق منگل کی صبح 6 بجے ویر پور بیراج پر کوسی ندی کی سطح آب 89145 کیوسک تھی۔ جبکہ صبح 10 بجے یہ 102765 کیوسک تک پہنچ گئی۔ والمیکی نگر بیراج پر گنڈک ندی کے پانی کی سطح 83900 کیوسک ہے، جو مستحکم ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ بہار میں بارش اور نیپال سے آنے والے پانی کی وجہ سے دریاؤں کی سطح آب میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ریاست کی اہم ندیاں گنگا، گنڈک، بوڑھی گنڈک، کوسی، باگمتی اُپھان پر ہیں۔ تاہم، وہ اب بھی خطرے کے نشان سے نیچے ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اگر نیپال اور بہار میں مسلسل بارش ہوتی ہے تو کئی دریا خطرے کے نشان سے تجاوز کر جائیں گے۔
محکمہ آبی وسائل کا دعویٰ ہے کہ پشتوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ محکمہ کے وزیر سنجے کمار جھا نے بھی دو دن پہلے کئی علاقوں کا دورہ کرکے پشتوں کا معائنہ کیا تھا۔ سنجے کمار جھا نے دو دن قبل دربھنگہ باگمتی ندی کے بائیں کنارے پر ایکمی گھاٹ سے سرنیا تک بنائے گئے 10.5 کلومیٹر طویل پشتے کا معائنہ کیا اور اس کی حفاظت اور مضبوطی کے سلسلے میں محکمہ کے افسران کو ضروری ہدایات دیں۔
یہ پشتہ بہادر پور، ہنومان نگر اور حیا گھاٹ بلاکس کے تحت آتا ہے۔ اس کی وجہ سے دربھنگہ شہر کے ساتھ ساتھ مذکورہ بالا تین بلاکس کو سیلاب سے تحفظ حاصل ہے۔ پشتے پر تین اینٹی فلڈ سلوائسز بھی بنائے گئے ہیں، جو شہر میں جمع ہونے والے بارش کے پانی کو نکالتے ہیں۔ اس کے علاوہ بینی پور بلاک میں ساکری برانچ کینال کے پوائنٹ فاصلہ 140.00 کے قریب سائٹ کا معائنہ کیا گیا۔