ساسارام: بہار کے ساسارام میں ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے آغاز کے موقع پر آر جے ڈی لیڈر اور سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اپنی جیت یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کے ذریعے ووٹروں کے حق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ ’’میں راہل گاندھی اور انڈیا اتحاد کے دیگر لیڈروں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ شروع کی۔ لالو جی اور ڈاکٹر لوہیا ہمیشہ کہتے رہے ہیں کہ ووٹ کا راج مطلب عام آدمی کا راج۔ مگر آج بی جے پی وہ سب کچھ الیکشن کمیشن سے کروا رہی ہے جو خود نہیں کر پا رہی۔‘‘
انہوں نے دعویٰ کیا، ’’بہار میں ایس آئی آر کے نام پر ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر گڑبڑ کی گئی ہے۔ ہزاروں زندہ لوگوں کا نام کاٹ دیا گیا اور انہیں مردہ قرار دیا گیا۔ ہم نے ایسے کئی لوگوں کو سپریم کورٹ میں پیش کر کے ثابت کیا کہ وہ زندہ ہیں، مگر ان کا ووٹ ختم کر دیا گیا۔‘‘
تیجسوی یادو نے کہا، ’’یہ صرف ووٹ چوری نہیں بلکہ ووٹوں پر کھلا ڈاکہ ہے۔ راہل گاندھی نے ان لوگوں کو اپنے گھر بلا کر ان کے ساتھ چائے پی جنہیں انتخابی فہرست میں مردہ لکھ دیا گیا تھا۔ یہ عوام کے حق پر براہِ راست ڈاکہ ہے۔
انہوں نے کہا، ’’بی جے پی کے لوگ، وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ سمیت الیکشن کمیشن کے افسران سن لیں، ہم راہل، تیجسوی اور مہاگٹھ بندھن مل کر بہار کی سرزمین سے جمہوریت کو ختم نہیں ہونے دیں گے۔‘‘‘
تیجسوی نے کہا، ’’یہ صرف ووٹروں کے حق چھیننے کی کوشش نہیں بلکہ عوامی وجود کو مٹانے کی سازش ہے۔ بی جے پی چاہتی ہے کہ عوام کے حقوق بھی چھین لیے جائیں اور ان کی پہچان بھی مٹا دی جائے۔ یہ سازش ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔