نئی دہلی /پٹنہ: کانگریس نے منگل کو لوک سبھا انتخابات کے لئے مزید 17 امیدواروں کا اعلان کیا، جن میں طارق انور ، ایم ایم پلم راجو اور پارٹی کی آندھرا پردیش یونٹ کی صدر وائی ایس شرمیلا ریڈی کے نام شامل ہیں۔ پارٹی کی طرف سے جاری امیدواروں کی 11ویں فہرست میں آندھرا پردیش سے پانچ، بہار سے تین، اڈیشہ سے آٹھ اور مغربی بنگال سے ایک امیدوار کے نام شامل ہیں۔پارٹی نے ایک بار پھر طارق انور کو بہار کے کٹیہار سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں انہیں جنتا دل (یونائیٹڈ) کے امیدوار دلال چند گوسوامی نے شکست دی تھی۔ ایک بار پھر وہ گوسوامی کا سامنا کریں گے۔ کانگریس نے بہار کی کشن گنج لوک سبھا سیٹ سے اپنے موجودہ ایم پی محمد جاوید کو ٹکٹ دیا ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اور ایم ایل اے اجیت شرما کو بھاگلپور لوک سبھا حلقہ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔کانگریس بہار کی کل 40 لوک سبھا سیٹوں میں سے نو پر الیکشن لڑ رہی ہے۔ وہیں اس کی اتحادی راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) 26 سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے اور بائیں بازو کی پارٹیاں پانچ سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہیں۔ بہار میں اتحاد کے تحت کانگریس کو نو سیٹیں ملی ہیں- کشن گنج، کٹیہار، پٹنہ صاحب، بھاگلپور، ساسارام، مظفر پور، سمستی پور، مغربی چمپارن اور مہاراج گنج۔انسانی وسائل کی ترقی کے سابق وزیر پلم راجو کو آندھرا پردیش کے کاکی ناڈا لوک سبھا حلقہ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ شرمیلا ریڈی کو آندھرا پردیش کے کڑپا سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ اوڈیشہ کے کوراپٹ سے موجودہ ایم پی سپتاگیری اولاکا کو دوبارہ امیدوار بنایا گیا ہے۔ پارٹی نے اب تک کل 214 امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل کانگریس نے نو الگ الگ فہرستوں میں 212 امیدواروں کا اعلان کیا تھا۔