کولکاتا:مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی سیکورٹی میں آج اس وقت زبردست سیندھ لگی جب ایک مشتبہ شخص اسلحہ کے ساتھ ان کی رہائش میں گھستا نظر آیا۔ مغربی بنگال پولیس نے وزیر اعلیٰ رہائش والی لائن میں گھسنے کی کوشش کر رہے اس شخص کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے پاس سے اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم پولیس کا اسٹیکر لگی گاڑی سے وہاں پہنچا تھا۔ پولیس نے گرفتار شخص سے پوچھ تاچھ شروع کر دی ہے۔
کولکاتا پولیس کمشنر ونیت گویل نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ’’کولکاتا پولیس نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی رہائش والی لائن میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ایک شخص کو روکا۔ اس کی شناخت شیخ نور عالم کی شکل میں ہوئی۔ تلاشی لینے پر شیخ نور عالم کے پاس سے اسلحہ، ایک چاقو اور ممنوعہ شئے کے علاوہ کئی شناختی کارڈ برآمد کیے گئے ہیں۔‘‘ پولیس کمشنر نے یہ بھی بتایا کہ ملزم پولیس کا اسٹیکر لگی گاڑی سے سفر کر رہا تھا۔ معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے پولیس اور ایس ٹی ایف ملزم سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔ پولیس سب سے پہلے یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ آخر اس شخص کے پاس اسلحہ کہاں سے آیا۔
ونیت گویل کا کہنا ہے کہ ’’نوجوان کے پاس مختلف ایجنسیوں کے شناختی کارڈ ہیں، ہم یہ جانچ کر رہے ہیں اور پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اس کے پاس ایسے شناختی کارڈ کہاں سے آئے۔ وہ ہریش چٹرجی اسٹریٹ کیوں جا رہا تھا۔‘‘ انھوں نے بتایا کہ آج صبح تقریباً 11.30 بجے ہریش چٹرجی اسٹریٹ پر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے گھر کے پاس ایک سیاہ کار کھڑی دیکھی گئی۔ کار کا شیشہ بھی سیاہ ہے۔ اس کے بعد کار سے اترے ایک شخص نے خود کو پولیس اہلکار بتایا اور وزیر اعلیٰ سے ملنے کی خواہش ظاہر کی۔ اس پر جب وہاں موجودہ سیکورٹی اہلکاروں کو شبہ ہوا تو تلاشی لی گئی۔ اس دوران ایک کٹّہ اور ایک بندوق بھی برآمد ہوا۔ پولیس کمشنر ونیت گویل کا کہنا ہے کہ اس کے پاس گانجا بھی تھا۔ پولیس اس مشتبہ شخص کو گرفتار کر کالی گھاٹ تھانہ لے گئی ہے۔ گاڑی کو بھی پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے جس کے مالک کا نام نور حمیم بتایا جا رہا ہے۔