اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ گورکھ ناتھ مندر کے قریب ایک اوور برج کا افتتاح کرنے کے لیے اپنے آبائی شہر گورکھپور پہنچے تھے جہاں ان کی سیکیورٹی میں بڑی لاپروائی سامنے آئی۔ وزیراعلیٰ کے کار سے اترتے ہی ان کی گاڑی کے پاس ایک گائے پہنچ گئی جس سے سیکورٹی اہلکاروں میں کھلبلی مچ گئی۔ یہ واقعہ 20 دسمبر کا ہے جس کا ویڈیو اتوار کے روز سامنے آنے کے بعد افسران نے جانچ کے احکامات دیئے اور نگر نگم کے ایک سپروائزر کو معطل کردیا۔
ویڈیو میں ایم پی روی کشن کو پہلے اپنی کار سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ کے اترتے ہی گائے قریب پہنچ گئی۔ اس موقع پر’مستعد‘ سیکورٹی اہلکاروں نے وزیراعلیٰ کو گھیرے میں لے کر گائے کو بھگا دیا۔ وہیں میونسپل کمشنر گورو سنگھ سوگروال نے حفاظتی حصار میں جانور کے گھسنے پرداخلی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ ابتدائی جانچ میں نگر نگم کے سپروائزر اروند کمار کی لاپروائی پائی گئی ہے جنہیں معطل کردیا گیا ہے۔ وہ علاقے میں شہری سہولیات کی نگرانی کے ذمہ دار تھے۔
گورکھپورکے میونسپل کمشنر گورو سنگھ سوگروال نے کہا کہ وی وی آئی پی سیکورٹی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور اس طرح کی بد انتظامی کا جائزہ لے کرسختی کی جائے گی تاکہ اس طرح کے واقعات کی تکرار نہ ہو۔ واضح رہے کہ اتر پردیش میں اپوزیشن لیڈر اکثر آوارہ جانوروں کا مسئلہ اُٹھاتے رہے ہیں جن میں سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو بھی شامل ہیں۔ اکھلیش یادو نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وزیراعلیٰ کی سیکورٹی میں اگر لاپروائی ہورہی ہے تو بی جے پی حکومت میں عام لوگوں کی حفاظت اور لاپروبائی کے بارے میں کیا کہا جائے؟


















