ہندوستانی معیشت نے مالی سال26 – 2025 کی دوسری سہ ماہی (جولائی-ستمبر مدت) میں 8.2 فیصد کی مضبوط شرح ترقی حاصل کی ہے، جو کہ گزشتہ مالی سال کی یکساں مدت کی شرح ترقی 5.6 فیصد سے بہت زیادہ ہے۔ یہ جانکاری وزارت برائے شماریات و پروگرام نفاذ نے 28 نومبر کو دی۔ اس طرح مالی سال26 – 2025 کی پہلی چھ ماہی میں شرح ترقی 8 فیصد کی ہو گئی ہے، جو کہ مالی سال25 – 2024کی پہلی چھ ماہی میں 6.1 فیصد تھی۔
وزارت کے ذریعہ دی گئی جانکاری میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی جولائی-ستمبر مدت میں ملک کی نامینل جی ڈی پی میں 8.7 فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا ہے۔ حکومت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حقیقی جی ڈی پی شرح ترقی کے 8 فیصد سے اوپر نکلنے کے سبب سیکنڈری اور ٹیرٹیئری سیکٹر کی مضبوط کارکردگی تھی۔ مالی سال26 – 2025کی دوسری سہ ماہی میں سیکنڈری سیکٹر کی شرح ترقی 8.1 فیصد اور ٹیرٹیئری سیکٹر کی شرح ترقی 9.2 فیصد رہی ہے۔
سیکنڈری سیکٹر میں شامل مینوفیکچرنگ کی شرح ترقی 9.1 فیصد اور کنسٹرکشن کی شرح ترقی 7.2 فیصد رہی ہے۔ ٹیرٹیئری سیکٹر میں فنانشیل، رئیل اسٹیٹ اور پروفیشنل سروسز میں 10.2 فیصد کی ترقی ہوئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق زراعت اور اس سے منسلک سیکٹر کی شرح ترقی 3.5 فیصد رہی ہے۔ علاوہ ازیں الیکٹرسٹی، گیس، واٹر سپلائی اور دیگر یوٹلٹی سروسز سیکٹر کی شرح ترقی 4.4 فیصد رہی۔


















