پٹنہ:لوک سبھا میں حزب مخالف کے رہنما راہل گاندھی کی قیادت میں انڈیا بلاک کے ذریعہ بہار کے سہسرام سے اتوار کو شروع کی گئی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ پیر کے روز دوسرے دن اورنگ آباد پہنچی اور صبح سے دیر شام تک اورنگ آباد اور گیا ضلع کے درجنوں گاؤں و محلوں سے گزرتے ہوئے خلیج چوک (گیا) پہنچی جہاں یہ کارواں ایک بڑے جلسہ عام میں تبدیل ہو گیا۔
دوسرے دن بھی یاترا میں سبھی مقامات پر سڑک کے دونوں کنارے لوگوں کا ہجوم امنڈتا دکھائی دیا، جبکہ گیا میں منعقد جلسہ عام میں لوگوں کا غیر معمولی اژدہام دیکھ کر جہاں ایک طرف راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کے حوصلے بلند ہو گئے، وہیں دوسری طرف بہار اور مرکز میں برسر اقتدار این ڈی اے کو اپنے پاؤں تلے کی زمین کھسکتی ہوئی نظر آئی۔ انڈیا بلاک، یعنی عظیم اتحاد کی عوامی مقبولیت میں بے تحاشہ اضافہ محسوس کر کے ایک طرح سے برسراقتدار طبقہ کا ہوش اڑ گیا۔ لوگوں میں بے پناہ جوش و خروش نظر آیا اور خواص و عام سبھی لوگوں کی زبان پر ’راہل گاندھی زندہ باد‘، ’تیجسوی یادو زندہ باد‘ کے نعرے گونجنے لگے۔
پیر کی صبح راہل گاندھی اور تیجسوی یادو سب سے پہلے اورنگ آباد ضلع کے دیو سوریہ مندر پہنچے اور پوجا وغیرہ کی رسم ادا کرنے کے بعد بہار سمیت پورے ملک میں امن و بھائی چارہ اور ترقی کے لئے دعائیں کیں۔ دونوں نوجوان رہنماؤں کی جوڑی نے ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے دوران ایسا دلکش و خوبصورت نظارہ پیش کیا کہ عظیم اتحاد کے رہنمائوں و کارکنوں کے جوش و امنگ میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا اور انہیں بڑی تقویت حاصل ہوئی۔ کھلی گاڑی میں بیٹھ کر اور کھڑے ہو کر کانگریس رہنما راہل گاندھی اور آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے اورنگ آباد ضلع کے کٹمبا اسمبلی حلقہ کے امبا دیو روڈ سے آج صبح اپنی یاترا شروع کی اور تقریباً درجن بھر محلوں سے گزرے۔ دوپہر بعد 2 گھنٹے تک آرام کیا اور پھر 4 بجے شام سے دوبارہ اپنی یاترا گیا ضلع کے گورارو اسمبلی حلقہ میں باگڈیہا موڑ یحییٰ پور روڈ سے شروع کی۔ شام میں بھی تقریباً ایک درجن علاقوں سے یہ یاترا گزری۔