دیوالی تہوار کے موقع پر جب لوگ ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلاتے ہیں، راہل گاندھی ایک تاریخی مٹھائی کی دکان پر مٹھائی بنانے پہنچ گئے۔ یہ دکان پرانی دہلی کی مشہور ’گھنٹے والا‘ ہے، جہاں پہنچنے کے بعد کانگریس رکن پارلیمنٹ نے اپنے ہاتھوں سے ’امرتی‘ (جلیبی کی طرح، لیکن اس سے کچھ مختلف مٹھائی) اور ’بیسن کے لڈو‘ بنائے۔’گھنٹے والا‘ مٹھائیوں کی دکان کا دورہ کرنے کی ویڈیو راہل گاندھی نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل ’ایکس‘ پر شیئر کی ہے، جس میں وہ دکان کے مالک اور مٹھائی بنانے والوں سے بات چیت کرتے نظر آ رہے ہیں۔
وہ دکان پر موجود کچھ دیگر لوگوں سے بھی ملاقات کرتے ہیں اور مٹھائی بنانے کا طریقہ سیکھتے ہیں۔ وہ حلوائی سے مٹھائی بنانے کا طریقہ بھی پوچھتے ہیں، اور پھر خود سے ایک بڑی کڑھائی میں امرتی بنانا شروع کر دیتے ہیں۔ انتہائی خوشگوار ماحول میں دکان کے مالک نے راہل گاندھی کو بتایا کہ اس دکان کی مٹھائیاں ان کے نانا کو، دادی کو، پاپا کو، دیدی کی خدمت میں پیش کی جا چکی ہیں، اور اب دعا ان کی (راہل گاندھی) شادی کے لیے کر رہے ہیں، جب اپنے یہاں تیار مٹھائیاں پیش کریں گے۔
اس ویڈیو کو شیئر کرنے کے ساتھ ہی راہل گاندھی نے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’پرانی دہلی کی مشہور اور تاریخی گھنٹے والا مٹھائیوں کی دکان پر امرتی اور بیسن کے لڈو بنانے میں ہاتھ آزمایا۔ صدیوں پرانی اس مشہور دکان کی مٹھاس آج بھی وہی ہے، خالص، روایتی اور دل کو چھو لینے والی۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’دیوالی کی اصل مٹھاس صرف تھالی میں نہیں، بلکہ رشتوں اور سماج میں بھی ہوتی ہے۔ آپ سب بتائیں، آپ اپنی دیوالی کیسے منا رہے ہیں، اور کیسے خاص بنا رہے ہیں؟