مونگیر: کانگریس کی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ بہار میں چھٹے دن بھی جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے۔ آج کے قافلے کی سب سے اہم جھلک لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کا مشہور خانقاہ رحمانی کا دورہ رہا، جہاں انہوں نے بزرگوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور موجودہ امیر شریعت مولانا ولی فیصل رحمانی سے ملاقات کی۔ خانقاہ کے ذمہ داران اور مقامی عوام نے دونوں رہنماؤں کا پھولوں کے ہار پہنا کر پرتپاک استقبال کیا۔
خیال رہے کہ رحمانی فاؤنڈیشن اور خانقاہ رحمانی بہار کے مونگیر میں قائم ایک قدیم اور معتبر علمی و دینی ادارہ ہے۔ خانقاہ رحمانی کی بنیاد 1901 میں مولانا محمد علی مونگیری نے رکھی تھی، جو اس وقت کے ممتاز عالم دین اور اصلاحی تحریک کے علمبردار تھے۔ رحمانی فاؤنڈیشن، جو اسی خانقاہ کے تحت چلنے والا تعلیمی و سماجی پلیٹ فارم ہے، کو امیر شریعت مولانا ولی رحمانی کے دور میں نئی شناخت ملی۔
خانقاہ رحمانی کا مقصد دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ سماجی اصلاح اور مسلمانوں کی فکری و اخلاقی رہنمائی تھا۔ بعد میں اس ادارے نے جدید عصری تعلیم کو بھی شامل کیا اور وقت کے تقاضوں کے مطابق اپنی سرگرمیوں کو وسعت دی۔ رحمانی فاؤنڈیشن کے کے تحت رحمانی 30 جیسے تعلیمی منصوبے شروع کیے گئے جن کے ذریعے پسماندہ طبقے کے ہونہار طلبہ کو پیشہ ورانہ امتحانات (آئی آئی ٹی، میڈیکل وغیرہ) کی تیاری کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ آج یہ ادارہ دینی و عصری تعلیم کے امتزاج اور سماجی فلاحی کاموں کے لیے ملک بھر میں اپنی پہچان رکھتا ہے۔
خانقاہ کے دورے کے بعد ووٹر ادھیکار یاترا اپنے طے شدہ راستے پر آگے بڑھی۔ آج کے شیڈول کے مطابق قافلہ صبح 9 بجے چندن باغ چوک مونگیر سے شروع ہوا جو بجرنگ بلی مندر، رحمانی فاؤنڈیشن، مونگیر کے لیے روانہ ہوا۔ اس کے بعد یہ یاترا بھگت سنگھ چوک، گولا چوک (ڈی جے روڈ)، بھاگلپور روڈ، بوچہا، بریاپور اور سلطان گنج چوک سے گزرتا ہوا آگے بڑھے گا۔
شام 4 بجے یاترا کا دوسرا مرحلہ گولمبر چوک سے شروع ہوگا جو چمپانگر، ناتھ نگر، سے ہوتے ہوئے لوہیا پور اور بھگت سنگھ چوک سے ہوتا ہوا بھاگلپور کے گھنٹہ گھر چوک پر عوامی جلسہ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ رات کا قیام نوگچھیا میں ہوگا۔
کانگریس نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا، ’’جن نائک راہل گاندھی کے ساتھ ووٹر ادھیکار یاترا آگے بڑھ رہی ہے۔ جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے ہم سب متحد ہیں اور ووٹ چوری نہیں ہونے دیں گے۔‘‘
گزشتہ روز ہیمجا پور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے بی جے پی اور الیکشن کمیشن پر دھاندلی کے سنگین الزامات لگائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں واضح ثبوت ملے کہ بی جے پی اور کمیشن نے مل کر ووٹوں میں جوڑ توڑ کی۔