سری نگر۔ کانگریس کی جموں کشمیر یونٹ نے بھارت جوڑو یاترا کی پہلی سالگرہ کی یاد مناتے ہوئے سری نگر میں ایک پرامن مارچ کا انعقادعمل میں لایا ۔مذکورہ جے کے پی سی سی مارچ کی قیادت کانگریس کے سینئر لیڈر طارق حامد کارا نے کی ۔کارا نے کہاکہ مارچ اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ پارٹی کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے یاترا کی شروعات کی تھی تاکہ ملک میںنفرت کے رحجان کی داستان کا جواب دیاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ جموں کشمیر کی عوام راہل گاندھی کو ایک نجات دہندہ کے طور پر دیکھتے ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ صرف وہی انہیں مختلف مسائل سے نجات دلاسکتے ہیں جن کا وہ سامنا کررہے ہیں۔
سپریم کورٹ میں آرٹیکل 370کی برخاستگی کو چیلنج کی جانیوالی درخواستوں کے متعلق کارا نے کہاکہ جموں کشمیر کی عوام کو امید ہے کہ فیصلہ ان کی حمایت میں آئیگا۔انہوں نے کہاکہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اور میں اس پر بات نہیں کروں گا۔ مگر جموں کشمیر کی عوام کو امید ہے کہ فیصلہ ان کے مفاد میں آئیگا۔پچھلے سال ستمبرسے بھارت جوڑو یاترا کی شروعات ہوئی تھی اور اس کا اختتام اسی سال جنوری 30کو سری نگر میں ہواتھا۔
راہل گاندھی نے پارٹی کے متعدد لیڈران کے ساتھ ان 145دنوں کی یاتر اکے دوران چار ہزار کیلو میٹر کی مسافت پیدل طے کی تھی۔راہل نے 12عوامی جلسوںسے خطاب کیا اور 100سے زائد اسٹریٹ میٹنگس اور 13پریس کانفرنس منعقد کئے۔ انہوں نے 275سے زائد جگہوں پرپیدل چلتے ہوئے بات چیت کی اور 100سے زائد بیٹھ کر میٹنگیں کِیں۔