پٹنہ ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس پون کمار بھیمپّا بجنتری کو بہار کے گورنر عارف محمد خان نے اتوار (21 ستمبر) کو راج بھون میں حلف دلایا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے (20 ستمبر) کو جسٹس پون کمار کی تقرری کو منظوری دی تھی۔ اس موقع پر بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری اور عدلیہ و سیاسی دنیا کی کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔پون کمار بھیمپا بجنتری پٹنہ ہائی کورٹ کے 46ویں چیف جسٹس مقرر ہوئے ہیں۔ دراصل پٹنہ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس وِپل ایم پنچولی کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا ہے۔
پون کمار بھیمپا بجنتری نے سب سے پہلے 1990 میں کرناٹک ہائی کورٹ کی بار کاؤنسل میں ایک وکیل کے طور پر اندراج کرایا تھا۔ اس دوران انہوں نے مختلف قانونی شاخوں میں وکالت کی اور کرناٹک پبلک سروس کمیشن کی جانب سے ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔ اس کے بعد 2 جنوری 2015 میں انہیں کرناٹک ہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا۔ 16 مارچ 2015 کو ان کا تبادلہ پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں ہو گیا۔ تقریباً 3.5 سال بعد 17 نومبر 2018 کو وہ دوبارہ کرناٹک ہائی کورٹ میں واپس لوٹ آئے۔
قابل ذکر ہے کہ پٹنہ ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس پون کمار بھیمپا بجنتری نے اپنی ابتدائی تعلیم دھارواڑ کے ودیا وردھک سنگھ میں حاصل کی، جو ایک 135 سالہ پرانا کنڑ ثقافتیادارہ ہے۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی تعلیم کرناٹک لنگایت شکشا سمیتی سے منسلک اسکولوں میں مکمل کی۔ گریجویشن کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے بنگلورو کے ایس جے آر لاء کالج سے قانون کی ڈگری حاصل کی تھی۔