ممبئی: عید الاضحیٰ کے پیشِ نظر ممبئی اور ریاست مہاراشٹر کا ماحول پرامن بنائے رکھنے کیلئے علماء اکرام، ملی و سماجی تنظیمیں سرگرم ہوگئی ہیں۔ اس متعلق ممبئی میں منعقد ہونے والی مختلف میٹنگوں میں ملی تنظیمون کے ذمہ داران نے مسلمانوں سے سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کے موقع پر سرکاری گائیڈ پر عمل کرنے اور اشتعال انگیزی سے گریز کرنے کی عوامی اپیل جاری کی۔ ان تنظیموں نے نوجوانوں سے متنازعہ ویڈیوز اور فوٹو کو شیئر کرنے سے اجتناب برتنے کی بھی تلقین کی۔
ممبئی کے مسافر خانہ میں ممبئی امن کمیٹی اور جہاں کا انصاف نامی نیوز پورٹل کے توسط سے منعقد اجلاس میں ریاست میں فرقہ پرستی اورسوشل میڈیا کے غلط و بے جا استعمال سے نوجوانوں کو گریز کرنے اور عیدِ قرباں کے دوران ایسے اعمال سے پرہیز کرنے کی بھی تلقین کی گئی جو کسی مخصوص فرقے کی دل آزاری کا سبب بنتے ہیں۔
اجلاس میں شامل شرکاء نے کہا کہ اورنگ زیب اور ٹیپو سلطان کے نام پر مسلم نوجوانوں کو جس طرح ورغلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس سے بھی ہمیں محتاط رہنےکی ضرورت ہے۔ علماء اور سماجی شخصیات نے نوجوان سے قابل اعتراض مشمولات شئیر کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اورنگ زیب اور ٹیپو سلطان کی ڈی پی رکھنا جرم نہیں ہے اس کے باوجود فرقہ پرست طاقتیں ریاست اور ملک کا امن خراب کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ ہمیں اخوت محبت اور بھائی چارگی سے اس کو ناکام بنانے کی کوشش کرنی چاہئے ہے اور امن کے پیغام کو عام کرنا چاہئے۔
معروف ملی تنظیموں بشمول جمعیت العلماء ہند، رضااکیڈمی، جمعیت اہل حدیث، ملی کونسل، آل انڈیا علماء بورڈ نے صورتِ حال کی سنگینی کو پھانپتے ہوئے اپنے اپنے پلیٹ فارموں کے ذریعے مسلمانوں سے عیدالاضحی پر ضروری سرکاری ہدایات پر عمل آوری کی اپیل کی اور عیدالاضحیٰ جیسے مقدس تہوار پر فرقہ پرستوں کو کسی بھی قسم کا کوئی موقع فراہم نہ ہو اس لئے مسلمانوں کو عیدالاضحی اور قربانی کے دورا ن سوشل میڈیا پر متنازع ویڈیو یا قربانی کے ویڈیو شئیر یا ویڈیوتیار کرنے سے اجتناب برتنے کی بھی تلقین کی گئی۔
فیادریشن آف مہاراشٹر مُسلمس کی جانب سے منعقد آن لائن میٹنگ میں بھی ریاست کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا اور نوجوانوں کو تلقین کی گئی کہ سوشل میڈیا پر جس طرح سے عیدالاضحیٰ کو لے کر ماحول تیار کیا جاتا ہے اس سے ہمیں گریز کرنا چاہئے امن وامان کے قیام کے لئے افواہوں اور گمراہ کن ویڈیو کو بلاتصدیق شئیر کرنے سے گریز کرنا ہر ایک شہری کی ذمہ داری ہے۔
اس میٹنگ میں علما کرام دانشوران اور قائدین و مسلم تنظیموں کے سربراہان نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ ملک و ریاست میں بہتر ماحول قائم کرنے کے لئے کوشاں ہیں اور کسی کو بھی عید الاضحی پر یا اورنگ زیب یا ٹیپو سلطان کے نام پر ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔
فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس نے ایک عید الاضحیٰ کے متعلق ایک گائید لائن بھی جاری کی ۔ اسی کے ساتھ علما کرام اور ائمہ مساجد سے یہ اپیل کی گئی کہ وہ جمعہ کے خطبات میں گائیڈ لائن کی ہدایات کو عوام الناس تک پہنچائیں اور لوگوں سے شرانگریزافراد کے بہکاوے میں نہ آنے کی اپیل کریں۔
اسی کے ساتھ فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس نے ریاستی حکومت اور پولیس انتظامیہ سے فرقہ پرست عناصر کے خلاف سخت کاروائی کا بھی مطالبہ کیا۔ فیڈریشن کے رکن حسیب بھاٹکر نے بتایا کہ ریاست میں گذشتہ دنوں اورنگ زیب اور ٹیپوسلطان کو لیکر فرقہ پرست عناصر کے ذریعے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ عید قرباں کے تہوار کے پیشِِ نظر ریاست میں امن و امن برقرار رہے اس متعلق نائب وزیراعلیٰ اور ریاست کے وزیرِ داخلہ دیویندر فڑنویس سے ملاقات کیلئے فیڈریشن کے نمائندوں نے وقت طلب کیا ہے۔ نائب وزہراعلیٰ سے ملاقات کا مقصد ریاست کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کے ساتھ عیدِ قرباں کے تہوار کے پیش نظر نظم و نسق اور سلامتی پر بھی گفتگو کرنا ہے۔