پٹنہ: بہار کےلوگوں اور یہاں آنے والے سیاحوں کو ایک نئی سہولت ملنے جا رہی ہے۔ روپیکس ویسل سروس پٹنہ اور بھاگلپور میں شروع ہو رہی ہے۔ سیاح اس روپیکس پر سوار ہو کر گنگا کی لہروں پر مزے کر سکیں گے۔ اگر آپ پارٹی کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے بھی انتظام ہے۔ اس روپیکس میں کل 300 سیٹیں ہیں۔سیاحت کے سکریٹری ابھے کمار سنگھ نے کہا کہ بہار اسٹیٹ ٹورسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے Ro Pax ویسل کا ریٹ طے کیا ہے۔ محکمہ سیاحت نے سات سلیب بنائے ہیں۔ کرایہ 300 روپے سے 1 لاکھ 50 ہزار روپے تک مقرر کیا گیا ہے۔
ایک سیاح کو 45 منٹ کی تفریح کے لیے 300 روپے ادا کرنے ہوں گے۔ اگر کوئی خاندان یا گروپ روپیکس بک کرنا چاہتا ہے تو وہ بک کر سکتا ہے۔ اس کے لیے آپ کو فی گھنٹہ 30 ہزار روپے ادا کرنے ہوں گے۔ 2 گھنٹے کے لیے 50 ہزار روپے، تین گھنٹے کے لیے 75 ہزار روپے، 4 گھنٹے کے لیے 1 لاکھ روپے، 6 گھنٹے کے لیے 1 لاکھ 25 ہزار روپے اور پورے دن کے لیے 1 لاکھ 50 ہزار روپے یعنی 8 گھنٹے کی تفریح کے لیے دینا ہے۔
سیاحت کے سکریٹری ابھے سنگھ نے بتایا ہے کہ بہار حکومت ریاست میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے لیے ایکو ٹورازم کے علاوہ دیگر قسم کے سیاحتی مقامات تیار کر رہی ہے۔ سی ایم نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ خود ان تمام چیزوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔نہ صرف ملک بلکہ بیرونی سیاح بھی بہار کی سیر کرنے آتے ہیں۔ سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں پہنچتی ہے۔ فی الحال یہ سہولت بہار کے دو مقامات پٹنہ اور بھاگلپور میں شروع کی گئی ہے۔