پٹنہ (ت ن س)پٹنہ میں جی-20کے نمائندوں کی ہونے والی میٹنگ میں شرکت کیلئے 29ممالک کے قریب 60سے زیادہ مہمان آج پٹنہ پہنچے۔ ایئرپورٹ پر مہمانوں کا زورداراستقبال کیاگیا، مہمانوں نے بہار میوزیم کا دورہ کیا۔ دوروزہ میٹنگ گیان بھون میں کل سے شروع ہوگی۔ ادھر میٹنگ سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، L-20 کے صدر اور بھارتیہ مزدور سنگھ کے آل انڈیا صدر ہیرنموئے پانڈیا نے کہا کہ L20 سربراہی اجلاس میں ‘سب کے لیے سماجی تحفظ’’ اور ‘خواتین اور روزگار‘‘ کے موضوع پر وسیع پیمانے پر بحث کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں 94% لوگ غیر منظم شعبوں میں کام کر رہے ہیں، اس لیے اس L20 کانفرنس میں غیر منظم شعبوں پر بھی بڑے پیمانے پر بات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں صرف 32 فیصد خواتین ملازمت کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سمٹ میں تمام شعبوں میں خواتین کی شرکت بڑھانے کی سمت پر بھی بات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جی 20 میں دنیا کی 80 فیصد آبادی آتی ہے۔ انہوں نے مہاجر مزدوروں کے موضوع اور ان کے تئیں کانفرنس میں ہونے والی بحث پر تفصیل سے بات کی۔انہوں نے کہا کہ امرتسر میں 19 سے 21 مارچ 2023 تک منعقدہ L-20 کی افتتاحی میٹنگ میں وسیع بحث کے بعد دو موضوعات پر ایک مفاہمت کی یادداشت جاری کی گئی اور وہ موضوعات تھے- سوشل سیکورٹی ٹو آل اور انٹرنیشنل پورٹیبلٹی آف سوشل سیکوریٹی فنڈ۔ اور خواتین اور روزگار۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ مزدور سنگھ نے اپنی سطح پر اور L-20 کی سطح پر خواتین کے کام کے حوالے سے قومی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ بڑے پیمانے پر بات چیت کی۔ مرکزی وزیر محنت بھوپیندر یادو اور مرکزی وزیر مملکت برائے محنت شری رامیشور تیلی، بہار حکومت کے وزیر محنت سریندر رام بھی اس سمٹ میں موجود ہوں گے۔جناب پانڈیا نے کہا کہ اس کانفرنس میں ہندوستان سمیت 28 ممالک کے 173 مندوبین شرکت کریں گے۔ G-20 میں شامل ممالک کے علاوہ، ہندوستان نے اس سال اپنی صدارت میں G-20 کے لیے آٹھ ممالک یعنی بنگلہ دیش، مصر، ماریشس، نیدرلینڈ، نائجیریا، عمان، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات کو مدعو کیا ہے۔ اس کے ساتھ اس بار انٹرنیشنل سولر الائنس، کولیشن فار ڈیزاسٹر ریسیلینٹ انفراسٹرکچر اور ایشیائی ترقیاتی بینک کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔پریس کانفرنس میں پریس انفارمیشن بیورو کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایس کے مالویہ، بھارتیہ مزدور سنگھ کے ڈپٹی جنرل سکریٹری سریندر پانڈے اور L-20 میڈیا کوآرڈینیٹر کم علاقائی تنظیم بھارتیہ مزدور سنگھ کے وزیر پون کمار موجود تھے۔