پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل ( آر جے ڈی) لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے کہا ہے انتخابات سے منسلک پی ایم مودی کی تقریروں میںایک بھی کام کی بات نہیںہوتی ہے۔آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ بچپن سے سنتے آئے ہیں کہ سماج کے بڑے بزرگ گیان- دھیان اور کام کی باتیں کرتے ہیں لیکن یہاں تو 74 سال کے وزیر اعظم بزرگ ہونے کے باوجود انتخابات کے دوران ایک بھی کام کی بات نہیں کر رہے ہیں۔
تیجسوی یادو نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا ہے کہ ہم نئی نسل کے لوگ نوکری، روزگار، تعلیم، علاج اور ترقی کی مثبت باتیں ہی کر رہے ہیں، وہیں دوسری طرف وزیر اعظم تفرقہ بازی، دشمنی اور نفرت کو فروغ دینے والی منفی باتیں کر رہے ہیں۔ یہ ایک تجربہ کار، بزرگ اور وزیر اعظم کے عہدے پر فائز شخص کو زیب نہیں دیتا۔ انتخابات تو آتے جاتے رہیں گے لیکن اس سے سماج اور ملک کا جو نقصان ہوتا ہے اس کے ازالے میں کئی دہائیاں لگ جاتی ہیں۔