نئی دہلی : پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس 22 جولائی سے شروع ہونے جا رہا ہے جو 12 اگست تک جاری رہے گا۔ اس دوران 23 جولائی کو مرکزی حکومت بجٹ پیش کرے گی۔ لیکن اس بجٹ کے پیش ہونے سے قبل کانگریس نے مرکزی حکومت پر سخت حملہ کیا ہے۔ لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر گورو گوگوئی نے کہا ہے کہ پی ایم مودی کے پاس غریبوں اور متوسط طبقے کے لوگوں کے لیے کوئی وقت نہیں ہے اور مجھے پی ایم مودی و مرکزی حکومت سے کوئی توقع بھی نہیں ہے۔
آسام کے جورہاٹ لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی نے کہا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اس بار ایوان کی کارروائی منصفانہ طریقے سے چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بجٹ کو لے کر وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت سے کوئی امید نہیں ہے۔ گوگوئی نے گزشتہ پارلیمانی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے بیانات کے کچھ حصوں کو ریکارڈ سے ہٹانے پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایوان غیر جانبدار ہو۔ مگر بدقسمتی کی بات ہے کہ گزشتہ اجلاس کے دوران ہماری پارٹی کے لیڈر راہل گاندھی کے کچھ بیانات کو ریکارڈ سے خارج کر دیا گیا تھا۔ دراصل جب راہل گاندھی نے کہا تھا کہ پی ایم مودی، بی جے پی اور آر ایس ایس ہندو سماج کی نمائندگی نہیں کرتے۔ سب نے دیکھا اور سنا، جسے ریکارڈ سے ہٹا دیا گیا اور آج تک نہیں معلوم کہ ایسا کیوں کیا گیا۔