پٹنہ :بہار کے سابق وزیر اعلی اور آرجےڈی سپریمولالو پرساد نے مرکز کی مودی حکومت کے تعلق سے بڑی اہم پیشین گوئی کی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ مودی کی قیادت والی حکومت بہت کمزور ہے۔ اس سال اگست تک ہی یہ حکومت چلے گی۔ اس لئے پارٹی کے سبھی کارکنان سے تیار رہیں، کیونکہ انتخاب کبھی بھی ہو سکتے ہیں۔ دہلی میں مودی حکومت بہت کمزور ہے اور یہ اگست تک گر سکتی ہے۔
راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی)کے 28ویں یوم تاسیس کے سلسلے میںآج پارٹی دفتر میں ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد ہوا۔ اس تقریب میں آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو کے ساتھ ان کے بیٹے تیجسوی یادو اور کئی سینئر لیڈران و کارکنان نے شرکت کی۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لالو پرساد یادو نے کہا کہ ’’ہم لوگوں نے گزشتہ 27 سالوں میں کئی نشیب و فراز دیکھے ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ پارٹی اس قدر مضبوط ہوئی ہے۔ پارٹی ہر مشکلات و مخالفین کے خلاف لڑتی رہی ہے اور تیجسوی کی قیادت میں آگے کی لڑائی جاری رہے گی۔
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے اپنے والد کے بیان پر اتفاق ظاہر کیا اور کہا کہ مرکز کی مودی حکومت پانچ سال نہیں چلنے والی۔ ساتھ ہی انھوں نے دعویٰ کیا کہ نتیش کمار 2024 میں یا 2025 میں جب بھی اسمبلی انتخاب کرائے، بہار میں آر جے ڈی کی ہی حکومت بنے گی۔ تیجسوی یادو نے لوک سبھا انتخاب 2024 کے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم سبھی اگر تھوڑی اور محنت کرتے تو زیادہ سیٹیں جیتتے۔ تیجسوی یادو نے اس دوران الزام عائد کیا کہ انھیں 10 سے 12 سیٹوں پر غلط طریقے سے ہرایا گیا ہے۔