لکھنؤ: اتر پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ اور بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے اپنے بھتیجے آکاش آنند کو اپنا جانشین قرار دیا ہے۔ یہ اعلان اتوار 10 دسمبر کو کیا گیا۔ پارٹی لیڈر ادے ویر سنگھ نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ ‘بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے آکاش آنند (مایاوتی کے بھتیجے) کو اپنا جانشین قرار دیا ہے۔واضح کہ اتوار کو بی ایس پی کے ریاستی عہدیداروں اور ضلع لیڈروں کی ایک خصوصی میٹنگ طلب کی گئی تھی۔ میٹنگ میں اس بڑے اعلان سے مایاوتی نے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ مانا جا رہا تھا کہ بی ایس پی مایاوتی کی قیادت میں لوک سبھا الیکشن لڑے گی۔ حالانکہ مایاوتی نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ بی ایس پی ملک کے عام انتخابات اکیلے دم پر لڑے گی۔