کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اتوار کو مرکزی حکومت پر ہندوستانی ریلوے کے ’آسمان چھوتے‘ مسافروں کے کرایوں اور ناکافی مسافروں کی حفاظت پر سخت حملہ کیا۔ممتا بنرجی نے اپنے سرکاری ایکس ہینڈل پر پوسٹ کردہ ایک پیغام میں کہا ’’یہ بات افسوسناک ہے کہ ریلوے مسافروں کے کرایوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور یہاں تک کہ کرایہ کبھی کبھی ہوائی کرایوں سے زیادہ ہوتا ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں عام لوگ کہاں جائیں گے؟‘
کرایوں میں اضافے کو روکنے اور کم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حفاظت اور سلامتی کے مسائل پر توجہ دی جانی چاہیے۔ اپنے پیغام میں بنرجی نے ریلوے کے وزیر کے طور پر اپنے دور کا موازنہ بھی کیا۔ پیغام میں انہوں نے کہا ’’ریلوے کے وزیر کے طور پر اپنے دور میں، میں نے انسداد حادثات متعدد اقدامات متعارف کروائے تھے۔ ریلوے حادثات کی بڑھتی ہوئی تعداد کو روکنے کے لیے ان کا استعمال کیوں نہیں کیا جا رہا جبکہ عوام دشمن کرایوں کا نظام بے لگام جاری ہے۔