نئی دہلی : پاکستان سے ہندوستان آئی سیما حیدر کے معاشقہ کی کہانی مسلسل موضوع بحث بنی ہوئی ہے ۔ سیما کی کہانی پر ایک فلم بھی بن رہی ہے ، لیکن راج ٹھاکرے کی پارٹی مہاراشٹر نونرمان سینا کے ایک لیڈر نے سرحد پار کرکے اپنے ہندوستانی عاشق کے ساتھ رہنے کیلئے آئی پاکستانی خاتون سیما حیدر کو بالی ووڈ ڈیبیو کو لے کر وارننگ دی ہے ۔ سیما حیدر فی الحال اپنی فلم کراچی ٹو نوئیڈا کی شوٹنگ کررہی ہیں ۔ نوئیڈا میں ایک فلم ساز امت جانی نے جوڑے کی کہانی پر مبنی ایک فلم کا اعلان کیا ہے ۔
اس درمیان ایم این ایس کے لیڈر امئے کھوپکر نے سخت وارننگ دیے ہوئے کہا کہ اس طرح کا ڈراما بند ہوجا چاہئے ورنہ ایم این ایس کے ایکش کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں ۔ امئے کھوپکر نے مراٹھی میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی فلم صنعت میں پاکستانی شہریوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ ہم اس رخ پر قائم ہیں ۔
ٹویٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سیما حیدر نام کی ایک پاکستانی خاتون اس وقت ہندوستان میں ہے ۔ یہاں تک کہ اس کے آئی ایس آئی ایجنٹ ہونے کی بھی افواہیں تھیں۔ ہماری انڈسٹری میں کچھ لوگ وقتی شہرت کے لئے سیما حیدر کو ایک اداکارہ میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ غدار پروڈیوسر کیسے شرم محسوس نہیں کرسکتے؟ اسے فورا روکیں یا ایم این ایس کے سخت ردعمل کے لئے تیار رہیں۔دراصل حال ہی میں ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا، جس میں سیما ‘کراچی ٹو نوئیڈا’ فلم کیلئے آڈیشن دیتی نظر آرہی تھیں ۔ پروڈیوسر نے ان کے سابق شوہر غلام حیدر کو بھی ان کی زندگی کے بارے میں زیادہ معلومات فراہم کرنے کیلئے ہندوستان بلایا ۔
امت جانی نے کہا کہ ہم دنیا کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ پب جی کھیلنے کے دوران یہ محبت کی کہانی کیسے سامنے آئی ۔ وہ ہندوستان کیسے اور کیوں آئی ۔ ہم اپنی فلم میں ان عناصر کو دکھانا چاہتے ہیں، اس لئے ہم سیما حیدر کے بارے میں ہر معلومات جمع کررہے ہیں ۔