پٹنہ (ت ن س) بہار میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور درجہ حرارت معمول سے زیادہ رکارڈ کئے جارہے ہیں۔ ریاست میں درجہ حرارت 44ڈگری کے پار پہنچ گیاہے۔ سنیچر کو مجموعی طورپر 12اضلاع میں درجہ حرارت 43ڈگری کے اوپر رہا۔محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ ریاست میں ابھی تین دنوں تک شدیدگرمی لوگوں کو تڑپائے گی۔ 20سے 21جون کے درمیان ریاست میں بارش کا امکان ہے۔ یہ بارش معمول سے کم ہوگی جس سے درجہ حرارت میں کمی آئیگی۔ محکمہ موسمیات نے آج کہاکہ راجدھانی پٹنہ کے علاوہ مغربی چمپارن، بھاگلپور، مشرقی چمپارن شیخ پورہ، جموئی، بھوجپور، اورنگ آباد، کھگڑیا،بانکا، نالندہ، نوادہ، سیوان اور سمستی پورہٹ ویو کی زدمیں رہے۔ اس کے علاوہ گیا، بھاگلپور،پورنیہ، مظفرپور، دربھنگہ ، روہتاس ، ویشالی اور کٹیہار میں ہٹ ویو کا الرٹ جاری کیاہے۔ بہارمیں گرمی کا 11سال کا رکارڈ ٹوٹ گیاہے۔ مسلسل گذشتہ 8دنوں سے ریاست کے کئی اضلاع میں ہٹ ویوکی صورتحال برقرار ہے۔ پٹنہ سمیت کئی اضلاع میں 24جون تک پہلے ہی سبھی اسکول بند کردیئے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سنیچر کو شیخ پورہ میں درجہ حرارت 44.2 ڈگری سیلسس رکارڈ کیاگیاجب کہ راجدھانی پٹنہ میں 43.6ڈگری سیلسس درجہ حرارت رکارڈ کیاگیا۔ جن اضلاع میں 43سے اوپردرجہ حرارت رکارڈ کیاگیاان میں گیا، بالمیکی نگر، ڈہری، جموئی، بھوجپور، اورنگ آباد، کھگڑیا، بانکا، نوادہ اور سیوان شامل ہیں۔ کئی اضلاع میں درجہ حرارت 40سے 42کے درمیان رہا۔ ادھر ریاست میں شدید گرمی سے اموات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ گذشتہ دو دنوں میں لو لگنے سے 24افراد کی موت ہوگئی ہے۔ سب سے زیادہ 10 اموات ضلع بھوجپور میں ہوئی ہیں۔ ریاست کے اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔پٹنہ، سمستی پور، دربھنگہ، گیا، نالندہ سمیت کئی اضلاع میں 12ویں جماعت تک کے اسکول اور آنگن واڑیوں کو 24 جون تک بند کر دیا گیا ہے۔