پٹنہ: بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران لالو پرساد یادو کے خاندان نے جمعرات کو ووٹ ڈالنے کے بعد ریاست کے عوام سے تبدیلی کے لیے ووٹ کرنے کی پرزور اپیل کی۔ سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ووٹ ڈالنے کے بعد کہا کہ بہار کی عوام اس بار تبدیلی کے لیے تیار ہے اور مہاگٹھ بندھن کی حکومت بننے جا رہی ہے۔پٹنہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رابڑی دیوی نے کہا، ’’میری سبھی سے اپیل ہے کہ وہ ووٹ ضرور ڈالیں۔ یہ عوامی حق بھی ہے اور عوامی ذمہ داری بھی۔ میں سبھی ووٹروں کا شکریہ ادا کرتی ہوں اور امید کرتی ہوں کہ بہار کی تقدیر بدلنے میں ہر شخص اپنا کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس بار عوام موجودہ حکومت سے ناراض ہیں اور روزگار، تعلیم اور بہتر حکمرانی کے لیے مہاگٹھ بندھن کو موقع دینا چاہتی ہے۔ آر جے ڈی (راشٹریہ جنتا دل) کے رہنما اور مہاگٹھ بندھن کے وزیر اعلیٰ عہدے کے امیدوار تیجسوی یادو نے بھی اپنے والد لالو پرساد، والدہ رابڑی دیوی، اور بہنوں کے ساتھ ووٹ ڈالا۔ ووٹ ڈالنے کے بعد تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار کے نوجوان بدلے ہوئے حالات چاہتے ہیں اور یہ انتخاب ان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔
لالو یادو کی بڑی بیٹی اور راجیہ سبھا رکن میسا بھارتی نے ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا، ’’میں سب سے صرف یہ کہنا چاہتی ہوں کہ وہ اپنے بچوں کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے ووٹ کریں۔ ہمیں کسی عددی کھیل کی فکر نہیں ہے لیکن ہمیں یقین ہے کہ اس بار مہاگٹھ بندھن کی حکومت ضرور بنے گی۔













